ابو ظہبی:لاشوں کی ادلا بدلی ہو گئی

مردہ خانے والوں نے کسی اور کی لاش بھارت بھجوا دی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 جولائی 2018 13:13

ابو ظہبی:لاشوں کی ادلا بدلی ہو گئی
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 جُولائی 2018) متحدہ عرب امارات کی ریاست ابو ظہبی میں مقیم دو بھارتی شہری موت کا نشانہ بن گئے تھے۔ جن میں سے ایک 29 سالہ نِدھن اوتھایوتھ کوٹارن تھا جو بھارتی ریاست کیرالا کا رہائشی تھا۔ جبکہ دُوسرا شخص ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے 39 سالہ کماچی کرشنن تھا۔ دونوں افراد کو ابو ظہبی کے ایک ہی مُردہ خانے میں رکھا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز جب ایئر انڈیا کے ذریعے نِدھن کی لاش کیرالا میں واقع اُس کے گھر پہنچی تو گھر والے یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ لاش اُن کے بیٹے کی نہیں تھی۔ اس صورتِ حال پر سوگوار خاندان کے دُکھ میں اور اضافہ ہو گیاکیونکہ وہ پہلے ہی ایک ہفتے سے اپنے پیارے کا آخری دیدار کرنے کے لیے بے چین تھے۔ اس عجیب و غریب واقعے نے اُنہیں چکرا کر رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

کیرالا کا رہائشی نِدھن جو رُوائس میں ایک سائٹ سُپروائزر کے طور پرکام کر رہا تھا‘ 5 جولائی 2018ء کو مُردہ پایا گیا جبکہ تامل ناڈو کے رہائشی کرشنن کی وفات 7 جولائی 2018ء کو ہوئی۔ دونوں کی وفات کی وجوہات کا پتا نہیں چل سکا۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ غفلت مُردہ گھر کے سٹاف کی وجہ سے ہوئی۔ کرشنن کی لاش کو فی الحال نِدھن کے آبائی علاقے ویانند کے ایک سرکاری ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔

بھارتی سفارت خانے کے ایک اہلکار کے مطابق وہ سوگوار خاندانوں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم لاشوں کے بدل جانے سے کچھ قانونی پیچیدگی پیدا ہو گئی ہے جسے دُور کرنے کے لیے پُوری کوشش کی جا رہی ہے ۔ کرشنن کے گھر والوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔ مقامی سطح پر قانونی طریقے کی کارروائی کے بعد اُس کے عزیز کیرالہ سے لاشیں وصول کر سکیں گے۔ جبکہ نِدھن کی لاش کو واپس لانے کے لیے اماراتی امیگریشن حکام سے رابطہ کر کے اُنہیں ساری صورتِ حال سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اُمید ہے کہ ایک دو روز میں یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں