حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کر دی

جس طرح ان کی حکومت چل رہی ہے یہ ملک کے ساتھ زیادتی کی ہے ، طویل المدت عبوری حکومت کی قانون میں گنجائش ہی نہیں، حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات میں شامل ہوں، اسد قیصر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 29 دسمبر 2022 22:21

حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کر دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-29 دسمبر ۔2022 ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے تحریک انصاف کو طویل المدت عبوری حکومت کی پیشکش کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ان کی حکومت چل رہی ہے یہ ملک کے ساتھ زیادتی کی ہے ، طویل المدت عبوری حکومت کی قانون میں گنجائش ہی نہیں، حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات میں شامل ہوں۔

اسد قیصر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل المدت عبوری حکومت سے متعلق مجھ سے حکومتی ارکان نے غیررسمی بات کی ہے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ لانگ ٹرم عبوری حکومت کی تجویز تو غیر رسمی گفتگو میں کی تھی، باضابطہ طور پر ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل نے اعتراف کیا ہے کہ حکومت کے دوران اسٹیبلشمنٹ نے ہماری مدد کی تھی۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف کا مسئلہ ایک فرد سے تھا، تحریک انصاف نے کبھی پورے ادارے کو برا نہیں کہا، حکومت کے دوران اسٹیبلشمنٹ نے مدد کی، ووٹ لینے کیلئے نہیں کی۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ عمران خان اور کرپشن دو متضاد چیزیں ہیں، پاکستان کے عوام عمران خان کو ایماندار مانتے ہیں، عمران خان نے کسی چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع نہیں کروائے، نوازشریف کے بچوں کے پاس پیسے کدھر سے آئے، یہ بڑے تجربہ کار تھے، انہوں نے معیشت کو تباہ کر دیا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف نے فوجی قیادت کی تبدیلی کو متنازع بنا کر مارشل لا لگوانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا صرف عمران خان کے تدبر اور تحمل کی وجہ سے فوجی قیادت میں تبدیلی ممکن ہوئی اور ملک میں مارشل لا نہیں لگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی کوشش کر رہی ہے ، اسٹیبلشمنٹ کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس کا سارا الزام اسٹیبلشمنٹ پر آئے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعظم سواتی کو جہاں قید کیا گیا ہے اس کے باہر احتجاج کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی، ابتر معاشی حالات، گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ، آسمان سے باتیں کرتی کچن آئٹمز کی قیمتوں کیخلاف تحریک انصاف جمعے سے ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔ تین ہفتوں کے بعد انشاءاللہ عمران خان اس تحریک کو جوائن کریں گے اور اس حکومت کے خاتمے تک ہم سڑکوں پر ہوں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں