ایل او سی ،ْ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون شہید

بھارتی اشتعال انگیزی سے رواں سال 27افراد شہید ،ْ146 افراد زخمی ہوئے سرحد کے اس پار سے کی گئی فائرنگ سے 29 گھر جزوی ،ْ 3 گھر اور ایک دوکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی ،ْ عہدیدار سعید قریشی

ہفتہ 3 نومبر 2018 17:17

ایل او سی ،ْ بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون شہید
بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2018ء) بھارت کی جانب سے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کا ثبوت دیتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اس طرف پاکستانی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔بھمبر میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ذوالقرنین سرفراز نے کہا کہ لوانا کھیتر گاؤں میں سرحد کے اس پار سے کی گئی فائرنگ سے 22 سالہ منزہ بی بی جاں شہیدہوگئی جو دو بچوں کی ماں بھی تھی ،ْلوانا کھیتر ایل او سی سے بامشکل ایک کلومیٹر دور ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق خاتون کو جمعہ کو رات گئے بھارتی فوج کی پوسٹ سے فائر کی گئی اسنائپر کی گولی اس وقت لگی جب وہ اپنے گھر کے برآمدہ میں روشنی کی مدد سے کچھ تلاش کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ گولی خاتون کے سر پر لگی جس سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

(جاری ہے)

منزہ بی بی کے جاں بحق ہونے کے بعد رواں سال ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جس میں 19 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سینئر عہدیدار سعید قریشی نے کہا کہ اس کے علاوہ رواں سال بھارتی اشتعال انگیزی سے 146 افراد زخمی بھی ہوئے۔انہوںنے کہاکہ سرحد کے اس پار سے کی گئی فائرنگ سے رواں سال 29 گھر جزوی ،ْ 3 گھر اور ایک دوکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

بھمبر میں شائع ہونے والی مزید خبریں