سیندک میں ڈیوٹی پر مامور ملازمین کے لئے صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کمپنی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی زبردست کوششیں کیں

سیندک پراجیکٹ میں کام کرنے والی چینی کمپنی ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ لمیٹڈ کے چیئرمین مسٹر خوشوپنگ کا بیان

پیر 27 جولائی 2020 22:45

چاغی۔27جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2020ء) سیندک پراجیکٹ میں کام کرنے والی چینی کمپنی ایم سی سی ریسورس ڈویلپمنٹ لمیٹڈ (ایم آر ڈی ایل) کے چیئرمین مسٹر خوشوپنگ نے کہا ہے کہ سیندک میں ڈیوٹی پر مامور ملازمین کے لئے صحت کی سہولیات کو یقینی بنانے کے لئے کمپنی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی زبردست کوششیں کیں اور حکومت بلوچستان کی طے کردہ معیار کے مطابق وائرس کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔

پیر کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں مسٹر خوشوپنگ نے کہا کہ وائرس کے خطرے کے باوجود سیندک پروجیکٹ میں کام جاری رہا ہے تاہم امسال اس پروجیکٹ کے لئے افرادی قوت کی شدید قلت تھی۔ ان کے مطابق اس وقت 900 سے کم پاکستانی ملازمین ڈیوٹی پر ہیں جو پاکستانی ملازمین کے افرادی قوت کی کل تعداد میں سے صرف نصف ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو ملازمت پر رہنے کی ترغیب دینے اور ان کی شراکت یقینی بنانے کے لئے ایم آر ڈی ایل انھیں اضافی ڈیوٹی الاؤنس فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

چیرمین خوشوپنگ نے خبردار کیا کہ اگر سیندک پروجیکٹ میں پیداوار کا ایک محمکہ معطل ہوا تو سارا پروجیکٹ بند ہوجائے گا۔ ایک بار جب پروجیکٹ میں پیداوار رک جائے تو اس کی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی ہے کہ پیداوار کب بحال ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی ملازمین کی ایک بڑی تعداد اپنی ملازمت سے محروم ہوجائے گی اس کے ساتھ ہی آمدنی میں کمی بھی ہوگی۔

ان کے بقول ایم آر ڈی ایل ملازمین کے کام کو تیزی سے آگے بڑھارہا ہے اور جنوری سے سیندک پروجیکٹ سے تقریباً 600 ملازمین چھٹیوں پر روانہ ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا ترتیب وار چھٹیوں کے تحت ایم آر ڈی ایل ملازمین کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے انھیں دوبارہ کام پر واپس بھیج دے گی۔ مسٹر خوشوپنگ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں واپسی کے لئے اب تک 191 ملازمین کا بندوبست کیا گیا ہے جن میں سے 109 ملازم مکمل صحت مند حالت کے ساتھ کام کرنے کے بعد واپس آئے ، جبکہ اس وقت ایم آر ڈی ایل کے زیر اہتمام 55 افراد ہر ہفتے سیندک واپس آجاتے ہیں۔

چونکہ COVID-19 کے اختتام کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے اور سیندک پروجیکٹ محدود طبی سہولیات کے ساتھ دور دراز علاقے میں ہے اس منصوبے میں واپس آنے والے ملازمین اور اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے ایم آر ڈی ایل نے وطن واپسی کے لئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ کے لیے سیندک کے رہائشی اور ایم آر ڈی ایل کے پروجیکٹ ایریا سے 3 کلومیٹر دور پرانے ہاسٹلری کے علاقے میں قریب 120 کمروں کی تزئین و آرائش کی گئی ہے۔

چاغی میں شائع ہونے والی مزید خبریں