ض*چکوال‘ملک میں موجود بحرانوں کا واحد حل نظام عدل ہے ‘امیر عبدالقدیر اعوان

اتوار 21 اپریل 2019 20:01

لله*چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) تنظیم الاخوان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ اس وقت ہم مہنگائی، بے چینی، بے روزگاری، عدم استحکام جسے متعدد بحرانوں سے گزر رہے ہیں جن کا واحد اور دیرپا حل یہ ہے کہ ملک میں نظام عدل کا قیام اسلامی کیا جائے اور بحیثیت قوم ہم اپنے اندر جذبہ ایثار و ہمدردی پیدا کریں۔ دوسروں کے لئے آسانیوں اور راحت کا سبب بنے۔

معاشرے میں اپنے حصے کا مثبت کردار ادا کریں۔ رمضان اور شب برات کی مبارک ساعتیں بھی ہمیں یہی درس دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے استقبال رمضان کے موضوع پر پھٹہ کرکٹ سٹیڈیم آبپارہ اسلام آباد میں خواتین و حضرات کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت حکومتی سطح پر یہ کہا جاتا ہے کہ اگر کوئی شراب پینا چاہتا ہے تو پی لے اور کسی نے نماز پڑھنی ہے تو پڑھ لے‘ کیا وہ ملک جو اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا‘ اور جس کی بنیاد میں ہمارے اجداد کا خون‘ ماؤں بہنوں کی عزتیں‘ معصوم بچوں کا خون اس لئے لگا کہ اس میں انہیں نظام ہائے حیات کو چلایا جائے جو کفارِ مکہ کا طرز عمل تھا۔

(جاری ہے)

دکھ اور افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ریاست مدینہ کا نام لے کر ہم ایسا طرزِ عمل اختیار کئے ہوئے ہیں جو کہ اسلامی اصولوں کے بالکل برعکس ہے۔یہ ساعتیں ہمیں یہ احساس دلاتی ہیں کہ ہم اپنی ذات کو چھوڑ کر، اپنی چھوٹی چھوٹی لالچیں ایک طرف رکھ کر اپنی آخرت کو سامنے رکھتے ہوئے وہ اعمال اختیار کریں جو آپﷺ نے کر کے دکھائے اور اس کی تعلیم دی اور خالصتاً اللہ کی رضا کے لئے کریں۔

آج ہم شب برات کے موقع پر پٹاخے چلا کر دیئے جلا کر ان حدود سے تجاوز کر رہے ہیں جن سے اسلام نے منع فرمایا۔ کیونکہ ہمارا وہی عمل مقبول ہوگا جو سنت خیر الانام دائرہ کے اندر رہ کر اختیار کیا جائے گا۔ شب برات کیموقع پر نبی کریمﷺنے جنت البقیع میں جانا ہمیں یہ درس بھی دیتا ہے کہ ہم اپنے ان اجداد کے لئے مغفرت طلب فرمائیں جوکہ اس دارِ فانی سے جا چکے ہیں اور ہمیں جو ساعتیں اللہ نے دی ہیں ان کی قدر کرتے ہوئے اپنے اوقات کو اپنی مغفرت کے لئے استعمال کریں۔

پروگرام میں طارق فضل چوہدری، راجہ جاوید اخلاص، علی اعوان ایم این اے کے علاوہ اسلام آباد کی سیاسی سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ تنظیم الاخوان پنجاب کے جنرل سیکٹری حکیم عبدالماجد اعوان، کے پی کے الاخوان کے جنرل سیکرٹری خان بشر صاحب‘ آزاد کشمیر کے صدر الاخوان محمد لطیف بٹ صاحب‘ راولپنڈی ڈویژن کے صدر الاخوان میجر غلام قادری‘ جنرل سیکرٹری الاخوان محمد ارشد صاحب‘ خلیفہ مجاز گوجرانوالہ عبدالحمید چھینہ نے شرکت کی۔

آخر میں حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی نے ملک کی سلامتی، امن اور اسلامی نظام عدل کے قیام کے لئے خصوصی دعا کروائی اور آئے ہوئے ہزاروں خواتین و حضرات کو ذکر قلبی کا طریقہ بتایا اور طالبین کو سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی نسبت عطا کی۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں