چکوال،یوم سیاہ کے موقع پر ریلی کا انعقاد

جمعرات 15 اگست 2019 21:24

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر عبد الستار عیسانی کی زیر قیادت یوم سیاہ کے موقع پر ہونے والی ریلی کا انعقاد ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایجوکیشن نے کیا۔ ریلی گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 چکوال سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کلمہ چوک ریسکیو 15 پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں ڈی پی او چکوال عادل میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو چکوال اکرام ملک، اسسٹنٹ کمشنر چکوال مظفر مختار، سی او ایجوکیشن چوہدری نصر اللہ چدھڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، چیف آفیسر ضلع کونسل، چیف آفیسر بلدیہ چکوال، محکمہ ایجوکیشن کے ڈی اوز، ڈپٹی ڈی اوز، اے ای اوز، اساتذہ اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکائے ریلی نے بینرز، جھنڈے اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی کے نعرے درج تھے اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔

(جاری ہے)

ریلی کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو طاقت کے بل بوتے پر دبا نہیں سکتا اور کشمیر کی آئینی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش ناکام ہو گی اور اُسے ایک نہ ایک دن اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنی مرضی کے مطابق استواب رائے دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر سفارتی، سیاسی، سماجی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ سی او ایجوکیشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کرے اور مقبوضہ کشمیر سے فوجوں کو واپس بلائے۔ انہوں نے تمام شرکائے ریلی کا شکریہ ادا کیا۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں