چیچہ وطنی۔۔ پنجاب حکومت صوبے کی ثقافت کو ترقی دینےکے لئے کوشاں ہے ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس

منگل 28 ستمبر 2021 14:20

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2021ء) پنجاب حکومت صوبے کی ثقافت کو ترقی دینے اور دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے جس کے لئے آرٹس کونسلز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مقامی کرافٹس مینوں، فنکاروں، گلوکاروں اور آرٹس کے دوسرے شعبوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر سال ٹیلنٹ ہنٹ مقابلے کرائے جا رہے ہیں تاکہ ان کے ٹیلنٹ کی بھی پزیررائی ہو سکے۔

یہ بات پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد ابرار عالم نے ساہیوال آرٹس کونسل کے دورے کے دوران کہی جس میں جاری ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد وسیم اکرم اور الیاس اکبر سنگلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت مرحلہ وار پروگرام کے تحت ضلعی سطح پر بھی آرٹس کونسلز قائم کر رہی ہے تاکہ مقامی ثقافت اور رسم و رواج کو زیادہ فروغ دیا جا سکے۔

انہو ں نے ساہیوال آرٹس کونسل میں جاری ترقیاتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا اور کام کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ جناح ہال کو جلد پروگراموں کے لئے کھولا جائے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ 8کروڑ روپے کی خطیر رقم سے کونسل میں جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور توقع ہے کہ تعمیراتی کام دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جس میں جناح ہال کی مکمل تزئین وآرائش، ائرکنڈیشنگ سسٹم کی فراہمی اور نئی سیٹوں کی تنصیب بھی شامل ہے جبکہ فنکاروں کے چینجنگ رومز کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد ابرار عالم کو ساہیوال آرٹس کونسل کی طرف سے گرین پاکستان مہم کے حوالے سے تیار کردہ 2دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جنہیں بے حد سراہا گیا۔

چیچہ وطنی میں شائع ہونے والی مزید خبریں