علاقے کی بہتری کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دوں گا، میاں خان بگٹی

علاقے کے عوام کو محرومیوں سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا دلائوں گا،نو منتخب رکن قومی اسمبلی

جمعرات 22 فروری 2024 21:55

ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی وڈیرہ میاں خان بگٹی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں حصہ اس ارادے سے لیا کہ علاقے کے عوام کی خدمت اور پسماندگی کو دور کرسکوں، اپنے حلقہ کے اضلاع میں ترقیاتی کام کرنے کو خاص ترجیح دوں گا، علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنابھرپور کردار ادا کرتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاوں گا،اپنے حلقہ کے لوگوں کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنا قیمتی ووٹ دے کر مجھے کامیاب کرکے ایوان میں بھیجا ہے،اپنے ووٹرز کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وڈیرہ میاں خان بگٹی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ عوامی مفادات کو ترجیح دی ہے۔

(جاری ہے)

علاقے کی بہتری کے لئے اپنی گرانقدر خدمات سرانجام دوں گا،علاقے کی عوام کو محرومیوں سے ہمیشہ کے لئے چھٹکارا دلائوں گا۔نو منتخب رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ اپنے حلقہ کے اضلاع سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، زیارت، ہرنائی کی بہتری کے لئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا، مذکورہ علاقے کے عوام نے مجھ پر اعتماد کرکے اسمبلی میں بھیجا ہے تو ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا، حلقہ کے عوام کی خدمت کے لئے اپنی تمام ترصلاحیتوں کو بروئے کار لائوں گا، حلقہ کے عوام نے مجھے بھاری اکثریت سے جتوایا ہے تواب میر ا فرض بنتا ہے کہ ان کی امیدوں پر پورا اتروںاور اپنا فرض ادا کرتے ہوئے سبی، ڈیرہ بگٹی، کوہلو، زیارت، ہرنائی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا اور آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹا صوبہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو قابل استعمال میں لا کر علاقے کی تعمیر و ترقی اور یہاں کے عوام کے لئے فلا ح و بہبود کے منصوبے بناکر بروقت پایہ تکمیل تک پہنچا کر صوبے کی پسماندگی اور لوگوں میں پائی جانی والی احساس محرومی کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

وڈیرہ میاں خان بگٹی کا کہنا تھا کہ قدرت نے بلوچستان کی سرزمین کو قدرتی وسائل، معدنیات،بلند و بالا پہاڑوں، چٹیل میدانوں،ساحل سمندر سمیت ہر نعمت سے نواز رکھا ہے، لہذا ہمیں اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کو پروان چڑھاتے ہوئے مثبت سوچ کے ذریعے آگے بڑھنا ہو گا تاکہ بلوچستان کو پاکستان کے دیگر ترقی یافتہ صوبوں کے برابر لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی جماعت ہے جس کی قیادت نے ہمیشہ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ترقیاتی منصوبے شروع کر کے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، تاہم پاکستانی عوام کی امیدیں بھی مسلم لیگ (ن) سے جڑی ہوئی ہیں، حکومت بننے کے بعد پارٹی کی ترجیحات میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا کر مسائل سے چھٹکارا دلاوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ اس ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے ہمیشہ اپنے دور میں ملک میں ترقیاتی کاموں کے جال بچھائے ہیں، سڑکوں کی تعمیرات سے لے کسانوں کو سہولیات اورملکی معاشی ترقی کے لئے اہم کردار اد ا کیا ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں