وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں عید الفطر کی نماز ادا کی

وزیراعلی نے عمائدین، علماء اور علاقائی لوگوں کے ہمراہ ملک اور صوبے کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں

جمعہ 12 اپریل 2024 22:05

بیکڑ/ ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں عید الفطر کی نماز ادا کی اس موقع پر وزیر اعلٰی نے عمائدین، علماء اور علاقائی لوگوں کے ہمراہ ملک اور صوبے کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں، میر سرفراز بگٹی عید گاہ میں موجود لوگوں سے عید ملے اور انہیں عید کی مبارکباد بھی دی،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عید خوشی کا تہوار ہے اس موقع پر ہمیں غریب افراد اور ان شہداء کو نہیں بھولنا جنہوں نے عوام کے تحفظ اور بحالی امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وزیر اعلیٰ عید گاہ میں لوگوں میں گھل مل گئے اور بزرگ افراد اور عام شہریوں سے گلے ملے لوگوں نے عید مبارک باد کے ساتھ ساتھ وزیر اعلٰی کو اپنے مسائل سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر افسران کو لوگوں کی فوری شنوائی کی ہدایت کی بیکڑ میں میر سرفراز بگٹی کی رہائش گاہ پاکستان ہاؤس کے دروازے عید الفطر کے روز بھی عوام اور ہر خاص و عام کے لئے کھلے رہے جہاں وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی فرداً فرداً ہر شخص سے ملے اور بلوچی حال احوال کیا، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے بیکڑ کے علاقے قلندری میں مقدم سید خان نوہکانی کے وفات پر ان کے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے عیدالفطر کا پورا دن اپنے علاقے کے عوام کے ساتھ گزارا اور بعض مقامات پر مرحومین کی فاتحہ خوانی کے ساتھ سماجی روابط میں مصروف رہے۔

ڈیرہ بگٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں