ایڈیشنل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب کا دورہ ڈیرہ غازی خان، کسان سہولت سنٹر میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

جمعرات 27 جولائی 2023 12:19

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2023ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری طارق کریم کھوکھر نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محکمہ زراعت کے تحت قائم کسان سہولت سنٹرکا جائزہ اورکپاس کے آئی پی ایم نمائشی پلاٹ کا معائنہ کیا،انہوں نے کسان سہولت سنٹرپر موجودزرعی زہریں فروخت کرنے والے ڈیلرز اور کمپنیوں کے نمائندوں سے روزانہ کی بنیاد پرفروخت ہونے والی زرعی زہروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔

اس موقع پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ کسان سہولت سنٹرز پرمعیاری زرعی زہر و سپرے مشینری مناسب نرخوں پر دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو ان کسان سہولت سنٹرز پرکسی قسم کے مسائل کا سامنا ہوتو ان کے حل کے لئے محکمہ زراعت کے متعلقہ عملے کوبروقت آگاہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے تحت کپاس کے نگہداشتی امور بارے جاری فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور یونین کونسل پائیگاں میں ملک عبدالستار کے رقبے پر 3ایکڑ کاشتہ کپاس کے آئی پی ایم نمائشی پلاٹ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ روزانہ کی بنیادپراپنے کھیت کا معائنہ کریں تاکہ انہیں فصل کی صحیح صورت حال بارے معلومات حاصل ہوسکیں۔انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ حالیہ مون سون سیزن کے دوران موسمی پیش گوئی سے آگاہ رہیں اور اسی مناسبت سے فصل کی آبپاشی کریں،زیادہ بارش کی صورت میں فصل میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں اور اس کی نکاسی کا فوری بندوبست کریں۔انہوں نے موقعے پر موجود محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈ عملے کوہدایت کی کہ ا پنی فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں تاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو فنی رہنمائی میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی موجودہ صورتحال ابتک تسلی بخش ہے اورکپاس کی صاف چنائی،ذخیرہ اور ترسیل بارے بھی کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں