ایڈیشنل سیکرٹری زراعت کا دورہ ڈیرہ غازی خان،کپاس کی صورتحال کا جائزہ لیا

منگل 15 اگست 2023 11:23

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2023ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب محمد شبیراحمد خان نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد کے ریکارڈ،معیار اور فیلڈ میں کپاس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ڈیرہ غازی خان،کوٹ چھٹہ،داجل،جام پور اور فاضل پور کا دورہ کیا۔اس موقعے پر انہوں نے کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں ضرر رساں کیڑوں کے خلاف محکمہ زراعت کے مقامی عملے کے مشورے سے زرعی ادویات کے استعمال کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل نازک مرحلے میں ہے، خاص طور پرآئندہ دو ہفتے کپاس کی مینجمنٹ کے اعتبار سے اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت توسیع کا عملہ کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ،سرویلنس اور ضرررساں کیڑوں کے حملے کے بروقت کنٹرول کے ساتھ پودوں کی غذائی ضروریات کے مطابق کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کے لئے اُن کے شانہ بشانہ شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والے مافیاکے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کے لئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں،اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جعلی زرعی ادویات کی فروخت میں ملوث پایا جائے تو کاشتکار اس کی فوری اطلاع دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99202153 پر کریں یا ضلعی انتظامیہ/مقامی زراعت کے عملے سے رابطہ کریں تاکہ اُن کی شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جا سکے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے مقامی زراعت کے عملے کو کاشتکاروں سے رابطہ مزید مربوط کرنے اور کپاس کی صورتحال کے مطابق بروقت ایڈوائزری کاشتکاروں کی دیلیز تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت پر براہ راست اثرانداز ہوتا ہے،زراعت توسیع کا عملہ اپنے دفاتر کی بجائے فیلڈ میں نظر آنا چا ہیے۔اس موقعے پر ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر زراعت(توسیع) ڈیرہ غازی خان ڈویژن مہر عابد حسین اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں