ڈیرہ شہر کی سبزی و فروٹ منڈی میں سہولیات کا فقدان، شہری مشکلات سے دوچار

پیر 26 اگست 2019 17:19

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اگست2019ء) ڈیرہ شہر کی سبزی و فروٹ منڈی میں سہولیات کا فقدان شہری مشکلات سے دوچار،عورتوں، بچوں، بوڑھوں، عام شہریوں اور خریداروں کا گزرنا انتہائی مشکل ہوگیا، جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے آڑھتیوں، بیوپاریوں، گاہکوں، اور زمینداروں کیلئے شدید گرمی اور حبس کے موسم میں سایہ یا پینے کا صاف پانی مہیا نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی سیکورٹی کا کوئی انتظام یاسہولت میسر ہے، ڈیرہ کی سبزی و فروٹ منڈی اس وقت سیکورٹی رسک بن چکی ہے اسی طرح مارکیٹ کمیٹی کی نااہلی اور ملی بھگت کے باعث سبزیوں و پھلوں کی قیمت روزانہ کی بنیاد پر نرخ ناموں کے مطابق گاہکوں سے وصولی نہیں کی جاتی اور نرخ نامے بھی بروقت آویزاں نہیں کئے جاتے نہ ہی کہیں کوئی عملداری نظر آرہی ہے، دکاندار اپنی من مرضی کے نرخ وصول کررہے ہیں، مارکیٹ کمیٹی کا عملہ حصہ بقدرجثہ وصول کرکے شہریوں کا تماشا دیکھتا دکھائی دیتا ہے، شہریوں نے سبزی منڈی میں سہولتوں کے فقدان، بڑی گاڑیوں، چنگ چی رکشوںاور ریڑھیوں کی وجہ سے منڈی کے اندر تمام راستوں کو بند کرکے خریداروں کی آمدورفت میں رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں جس کی شہریوں نے سبزی و فروٹ منڈی میں قائم ہونے والی غیر قانونی تجاوزات بارے شدید الفاظ میں احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا،چیف سیکرٹری، کمشنر ڈیرہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ منڈی کی موجودہ صورتحال و مسائل کاجائزہ لیتے ہوئے منڈی میں قائم تجاوزات ااور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر منڈی کا خود دورہ کریں تاکہ گراں فروشی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں