الیکشن التوا ء کے حق میں سینٹ قراداد ملک و جمہوریت کے خلاف سازش ہے، سراج الحق

جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اتر گئی تو اسے کون ٹریک پر چڑھائے گا امیر جماعت اسلامی کاخطاب

ہفتہ 6 جنوری 2024 01:00

دیرپائن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن التوا ء کے حق میں سینٹ قراداد ملک و جمہوریت کے خلاف سازش ہے، جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اتر گئی تو اسے کون ٹریک پر چڑھائے گا بلوچستان، کے پی میں بدامنی کی وجہ سے الیکشن ملتوی کرنا بدامنی پھیلانے والوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہو گا، ملک میں امن و استحکام شفاف اور بروقت الیکشن سے ہی آئے گا،جماعت اسلامی 8 فروری کو پورے ملک میں صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے،جماعت اسلامی نے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں، قوم ترازو کے نشان پر ووٹ دے کر ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں کارنر میٹنگز اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ 14سینیٹرز 25کروڑ عوام کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کر سکتے، سینیٹ اجلاس میں رولز آف بزنس پر عمل نہیں کیا گیا، جمعہ کی نماز کے بعد اجلاس عملی طور پر ختم ہو گیا تھا۔ الیکشن التوا کی قرارداد کو ایجنڈے سے ہٹ کر پیش کیا گیا، اس طرح کی قراردادوں سے عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے،اداروں کا فرض ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنا عوام کا حق ہے، انھیں کسی صورت بھی اس بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی اور معیشت کی تباہی کا علاج انتخابات ہیں۔ امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اقتدار جمہور کی بجائے خاندانوں اور افراد کے گرد گھومتا ہے، 21ویں صدی میں دنیا بھر میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے جب کہ پاکستان میں بادشاہتوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے، 76برس سے ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے عوام کو تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا، سابقہ حکمران پارٹیاں عوام کی بجائے ذاتی مفادات کے لیے کام کرتی رہی، ملک پر قرضوں کا ہمالیہ لاد دیا گیا، اداروں کو کمزور، معیشت کو تباہ کیا گیا۔

حکمران ٹولے نے وسائل کو عوام کی بجائے اپنی ذات پر خرچ کیا، ان کی فیکٹریوں اور جائدادوں میں اضافہ ہوتا رہا، جب کہ عام شخص کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی ناممکن ہو گیا، آج غربت کی وجہ سے پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، لوگوں میں سکت نہیں کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم جاری رکھ سکیں، ہسپتالوں میں غریبوں کے لیے علاج نہیں، 80فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو مرکز نے اس کے حق سے محروم رکھا، صوبے کا نوجوان بے روزگار اور مایوس ہے، مالاکنڈ ڈویژن میں سب سے زیادہ غربت ہے، ضم قبائل کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر خیبرپختونخوا کے مسائل حل کرے گی، ہم پاکستان میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کریں گے، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، سود کا خاتمہ کر کے معیشت کو اسلامی خطوط پر استوار کریں گے، احتساب اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا، جماعت اسلامی قانون کی بالادستی قائم کرے گی۔انہوںنے کہا کہ عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ 8فروری کو جماعت اسلامی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کر کے ملک میں سٹیٹس کو کے خاتمے کی بنیاد رکھے۔

دیر میں شائع ہونے والی مزید خبریں