مویشی پال حضرات کے ذریعے کیٹل فارمنگ کو فروغ دے کر معاشی انقلاب لایاجاسکتاہے،ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ

منگل 16 اپریل 2024 12:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈویژن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم بدرنے کہاکہ مویشی پال حضرات کے ذریعے کیٹل فارمنگ کو فروغ دے کر معاشی انقلاب لایا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کیٹل فارمنگ کو جدید خطوط پر استوارکرنے کیلئے تمام سہولیات فراہم کررہی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات اور زمینداروں و کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں حکومتی سہولیات سے استفادہ حاصل کریں تاکہ جہاں و ہ دودھ و گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرکے اپنے لئے زیادہ مالی منافع حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں گے ، وہیں دودھ و گوشت کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ اس سے مختلف مصنوعات تیارکرکے بیرون ممالک برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نےکہاکہ ملک میں کیٹل فارمنگ کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے تمام ممکن استفادہ کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مختلف مالیاتی اداروں کے ذریعے کاشتکاروں کو جانوروں و مویشیوں کی خرید کیلئے آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کیٹل فارمنگ سے وابستہ افراد کی رہنمائی اور انہیں مشاورت کیلئے جہاں کسان میلے منعقد کئے جارہے ہیں وہیں جدید لٹریچر کے ذریعے ان میں شعور و آگاہی بھی پیدا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ساہیوال نسل کی گائے بین الاقوامی سطح پر خاص اہمیت رکھتی ہے جسے دنیا کے 19ممالک میں پیداواری لحاظ سے خاص مقام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی آئی ٹی بی میں رجسٹریشن سے جہاں ملک میں اس کی افزائش نسل مزید بہتر ہو گی وہیں دیگر ممالک سے اس ضمن میں پاکستان کو رائلٹی بھی ملتی رہے گی۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کیٹل فارمنگ اور ساہیوال گائے کی افزائش نسل کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی معیار کا تحقیقی و بریڈنگ پلانٹ لگانے کابھی منصوبہ تیار کررہی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں