محکمہ خوراک نے گندم کی خریداری مہم کے لئے جیوٹ بیگ اورپولی پراپلین بیگ کا وزن مقرر کر دیا

جمعرات 18 اپریل 2024 12:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) محکمہ خوراک نے گندم کی خریداری مہم کیلئے جیوٹ بیگ کا اوسط وزن 101.100 کلو اور پولی پراپلین بیگ کا وزن 50.150کلو گرام مقرر کر دیا ہے جبکہ 100کلو گرام گندم کی بوری پر30روپے فی بوری ڈلیوری چارجز بھی ادا کئے جائیں گے۔ ریجنل ڈائریکٹو ریٹ محکمہ خوراک کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں گندم کی خریدکے اہداف مقررکئے جارہے ہیں جبکہ یہ گندم 3900روپے فی 40کلو گرام کے حساب سے خرید کی جائے گی۔

انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر خوراک، سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گندم کی خریداری مہم کے دوران کسی قسم کی کرپشن، بدعنوانی، بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گندم کی خریداری کے ضمن میں جاری کی گئی پالیسی کے مطابق ڈپٹی کمشنر متعلقہ ضلع میں گندم خریداری آپریشنز کا انچارج ہوگا جبکہ تحصیل پر اے ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنر پروکیورمنٹ آفیسرز ہوں گے۔

انہوں نے بتایاکہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں فوڈ ڈیپاٹمنٹ پنجاب کا عملہ ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کرے گا نیز ڈویژنل کمشنرز،ڈائریکٹر فوڈ پنجاب اور سیکرٹری خوراک صوبائی سطح پر نگران مقرر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے پنجاب میں دیگر محکموں کے وزرا اور سیکرٹریز کو بھی گندم خریداری مہم کی نگرانی کیلئے سپروائزمقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی خریداری پالیسی کے مطابق متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر ضلع، تحصیل اور سینٹر سپر وائزر کی کمیٹی تشکیل دے گا جس میں ارکان اسمبلی، پولیس،زراعت اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ فیلڈ سٹاف کی تعیناتیوں اور عملہ کی کمی پوری کرنے کیلئے محکمہ خوراک کے ملازمین کے تبادلوں پر پابندی عائدکر دی گئی ہے تاہم ایسے ملازمین جن پر ماضی میں کوئی انکوائری یا سابقہ بقایاجات کی عدم ادائیگی ہو انہیں کسی پر چیز سنٹر پر تعینات نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کی شکائت یا مسئلہ کی غر ض سے فوری طور پر ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں