زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو بین الاقوامی درجہ بندیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے ،ڈاکٹر اقرار احمد خان

جمعرات 7 مارچ 2024 12:12

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ میں جیسے جیسے نئے ڈسپلنزاور پروگرامز کا اضافہ ہورہا ہے اسی تناسب سے طلبا و طالبات کی تعداد بھی مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور اس وقت جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں 33ہزارسے زائد طلبہ زیرتعلیم ہیں جبکہ اگلے 15سال تک یہ تعداد 60ہزار سے تجاوز کر جائے گی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے انفراسٹرکچر اور دیگر سہولیات کی فراہمی پرتیزی سے کام جاری ہے۔

ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو بین الاقوامی درجہ بندیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے اورکیوایس رینکنگ کے مطابق زرعی یونیورسٹی کا ایشیامیں 12واں اور پاکستان میں پہلا نمبر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں 7ہزار سے زائد طلباکی مالی معاونت کی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنا علم کا سفر باآسانی جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے پنجاب حکومت کیلئے دس سالہ زرعی پالیسی پلان مرتب کیا ہے جس سے زراعت کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں اس وقت تقریباً 50فیصد طالبات زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ایک خاص فارمولے کے تحت داخلے کرتی ہے جس میں مختلف اضلاع کے طلبادیہی اور شہری کوٹہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان بین الاقوامی سطح پر مقابلے کی بنیاد پر تحقیقاتی پراجیکٹس حاصل کرنے میں ممتاز حیثیت رکھتے ہیں اور اس وقت جامعہ زرعیہ میں اربوں روپے کے تحقیقاتی منصوبہ جات پر شب و روز کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا تاکہ پانی کی کمیابی، زمین کی زرخیزی، بیج اور منڈی کے مسائل پر قابو پاتے ہوئے فوڈ سکیورٹی کے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی نے اس سال فیکلٹی آف آرٹ اینڈ لٹریچر کا بھی اجراکیا ہے جس سے ان شعبہ جات میں مزید ترقی کی جا سکے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں