جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کو ایچ ای سی کی جانب سے اعزاز حاصل

منگل 26 مارچ 2024 16:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن(اورک) کو ہائر ایجوکیشن کمیشن رینکنگ 2022-23ء کے مطابق پاکستان کی سرفہرست اورک کا اعزاز دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی رینکنگ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد 84.5نمبر لے کر پہلی پوزیشن جبکہ این ای ڈی یونیورسٹی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی 81 نمبروں کے ساتھ دوسری اور انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اسلام آباد 80نمبروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر فائز ہے۔

واضح رہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد گزشتہ دو سالوں سے اس رینکنگ میں پاکستان کی اولین دانش گاہ ہونے کا اعزاز رکھتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اورک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جعفر جسکانی اور یونیورسٹی کی فیکلٹی کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے سالوں میں بھی زرعی یونیورسٹی ترقی و کامرانی کی نئی راہیں مرتب کر کے زرعی اور دیہی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان زراعت کو درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے کوشاں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جدید تحقیقات کو کاشتکاروں کی دسترس تک پہنچاتے ہوئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تخفیف غربت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں