کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ، رانا محمد سکندر اعظم خاں

جمعرات 27 فروری 2020 23:38

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2020ء) کشمیر سے شروع ہونے والی جدوجہد پورے بھارت میںپھیل چکی ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف مقبوضہ کشمیر بہت جلد آزاد ہو گا بلکہ بھارت کے اندر کئی نئے پاکستان بنیں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے میثاق ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر متنازعہ مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کے پلیٹ فار م پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔ مگر بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے گزشتہ 70سالوں سے یہ تنازعہ حل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کا مؤقف انتہائی واضح ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے مگر عالمی طو رپر تسلیم شدہ اس بنیادی حق کے برعکس بھارت نے ریاستی دہشت گردی کی بنیاد پر 80لاکھ کشمیریوں کو اُن کے بنیادی حق سے محروم کررکھاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارد اد کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے بھارت میں انضمام کو عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ عالمی طاقتیں اور خاص طو رپر نام نہاد متمدن اور ترقی یافتہ ممالک صرف اپنے معاشی مفادات کیلئے مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کیلئے آواز نہیں اٹھاتے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل بنے دو سو سے زائد دن گزر چکے ہیں مگر عالمی ضمیر پر مکمل خاموشی طاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظلم وستم کا قدرتی نتیجہ مزاحمت کی شکل میں نکلتا ہے اور اب یہ تحریک پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان سے قبل جن خدشات کا ذکر کیا تھا وہ آج سچ ثابت ہو رہے ہیں اور اس کے نتیجہ میں نہ صرف کشمیر بہت جلد آزاد ہوگا بلکہ بھارت کے اندر مزید کئی پاکستان بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرح پاکستان کے پاس بھی ایٹمی قوت ہے اس لئے کوئی بھی ملک بڑے پیمانے پر جنگ کا خطرہ مول نہیں لے سکتا۔ جبکہ بھارت کی طرف سے گزشتہ سال اسی روز پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نے بھارتی فضائیہ پر پاک فضائیہ کی برتری ثابت کر دی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کا لوہا عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ نے ہماری افواج کو کندن بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت صرف اپنے زر خرید ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلا سکتا ہے جس کا توڑ کرنے کیلئے پاکستانی قوم کو اپنے اندرونی اختلافات کو بھلا کے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور کہا کہ اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور اس کی تکمیل کیلئے ہمیں مل کر جدوجہد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ اس تقریب سے تحریک نوجواناں پاکستان وکشمیر کے چیئرمین محمد عبداللہ گل نے بھی خطاب کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں