فیصل آباد، جماعت اسلامی کا چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر اظہارتشویش

منگل 7 دسمبر 2021 22:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) جماعت اسلامی کے راہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماںبٹ،میاںطاہرایوب،انجینئرعظیم رندھاوانے شہرمیں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکارہو رہے ہیں ۔

عوام نے اگر از خود چوروں اور ڈاکوئوں کا مقابلہ شروع کر دیا تو یہ کسی بڑے حادثہ کا سبب ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے ارکان اسمبلی نے شہر کی حالت زار پر توجہ دینے کی بجائے اپنی حالت سنوارنا شروع کر رکھی ہے۔پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ترقیاتی اور اقتصادی طور پر بحرانوں کی زد میں آ چکا ہے مگر حکومتی ارکان اسمبلی خاموش تماشائی کا کرداراداکررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی و صوبائی وزراء اور درجنوں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی موجودگی میں شہری اپنی عزت،جان و مال اور کارو بار سے پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی ،بیروزگاری ،کورونا اور معاشی بحران کے شکار شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ذہنی امراض میں مبتلاکیاجا رہا ہے، عوام کے جان ومال اورعزت وآبرو بھی غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔فیصل آباد کے شہری چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کا جس قدر شکار ہورہے ہیںاس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ فوری طور اس امن و امان کی بحالی پر توجہ دی جائے اور شہریوں کی عزت اورجان و مال کو کو تحفظ فراہم کیا جائے ،شہر میں جرائم کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہریوں کو اپنی حفاظت آپ کرنے کے لئے اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں