دودھ کی ویلیو ایڈیشن کرکے بھر پور پیداوار کو منافع بخش سرمایہ کاری میں منتقل کیاجاسکتا ہے،ماہرین ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز

منگل 30 اپریل 2024 13:12

فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز،لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیری فارمنگ اور لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین جانور پالے جا سکتے ہیں۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ سعودی عرب حج کے ایام میں آسٹریلیا، یمن،صومالیہ اور دیگر ممالک سے انتہائی مہنگے داموں قربانی کے حلال جانور درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے سعودی عرب قربانی کے جانوروں کی درآمد سعودی حکومت کو انتہائی سستی پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لائیو سٹاک مارکیٹ میں تھوڑی سی بہتر منصوبہ بندی کے زریعے ملک کے مویشی پال کسانوں کی غربت کے خاتمہ کا اہتما م کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن ویلیو ایڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے اس بھر پور پیداوار کو منافع بخش سرمایہ کاری میں منتقل کرنے اور اس کے معاشی ثمرات لائیو سٹاک فارمرز تک پہنچانے میں مکمل کامیابی نہیں ہو سکی۔ انہوں نے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت اور خوراک کے مسائل کے حل کیلئے بھی نئی جدتیں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں