ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان کی " شہدائے گلگت بلتستان " امن فیسٹیول میں بطور میر محفل شرکت

ہفتہ 13 اپریل 2024 23:20

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے تھور کے علاقے میں " شہدائے گلگت بلتستان " امن فیسٹیول میں بطور میر محفل شرکت کی، فیسٹیول میں معروف کاروباری شخصیت سید امام مالک نے بھی خصوصی شرکت کی اور ضلع بھر سے ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی ، اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے کہا کہ گلگت بلتستان کے شہدائے وطن ہی دھرتی کے اصل وارث ہیں ، جن لوگوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کیا ہے وہ ہمارے اثاثے ہیں ، انہوں نے کہا کہ دیامر کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ، یہاں کے نوجوانوں کیلئے صرف پلیٹ فارم اور مواقعے درکار ہیں ، نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ شارٹ کٹ کے بجائے بھرپور اور مستقل جدوجہد و محنت کو اپنا شعار بنائیں ، نفرتوں کو کم کرتے ہوئے محبتوں اور مثبت سوچ کو پروان چڑھائیں ، اتحاد اور امن کا دامن ہاتھ سے جانے نہ دیں ، انہوں نے کہا کہ وطن کے لئے جان فدا کرنے والے افوج پاکستان ، پولیس ،رینجرز اور گلگت بلتستان سکاؤٹس کے جوانوں کی قربانیوں سے آج ہم اپنے گھروں میں چین کی نیند سو رہے ہیں ، شہدا کی مرہون منت ریاستوں کے وجود اور ملکوں کا وقار ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہیں ، اپنے شہدا کی یاد میں یادگاریں قائم کرتی ہیں اور ان کی قربانیوں کا دل و جان سے اعتراف و احترام کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل کاشف خلیل نے شہدا کے پسماندگان کے مطالبے پر چلاس میں بھی فوج کے خرچے سے ایک یادگار قائم کی ہے جو کہ خوش آئند ہے ، یہ یادگار سرکاری زمین کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر بن رہی ہے جو کہ دیامر کا سب سے بڑا تاریخی حوالہ ہوگی ، اس یادگار پر دیامر کے جتنے بھی شہدا ہیں ان سب کے نام ثبت ہوں گے چاہے وہ افواج پاکستان کے شہدا ہوں یا پولیس کے ، جی بی سکاؤٹس کے ہو یا رینجرز کے ہوں ۔

گلگت میں شائع ہونے والی مزید خبریں