طلباء وطالبات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، راجہ پرویزاشرف

پیر 8 جنوری 2024 20:56

طلباء وطالبات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، راجہ پرویزاشرف
گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2024ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہونہار طلباء و طالبات کا زیور تعلیم سے آراستہ ہونا خوشی کی بات ہے، طلباء وطالبات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ پیر کوپنجاب کالج گوجر خان کے پہلے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے اس خوبصورت تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے۔

انہوں نےگریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم انسان کی زندگی کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ شعور اور آگاہی فراہم کرتی ہے۔مجھے بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ ہوتے ہوئے دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے۔کثیر تعداد میں طالبات کا ڈگریاں حاصل کرنا خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے معیاری تعلیم کا فروغ ضروری ہے۔

گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء وطالبات نہ صرف گوجر خان بلکہ پورے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پنجاب کالج گوجر خان نے بہت کم وقت میں اہم سنگ میل عبور کئے ہیں۔گوجر خان کے ہونہار طلباء وطالبات کا نمایاں پوزیشنز حاصل کرنا میرے لئے باعث مسرت ہے، گوجر خان کے ہونہار طلباء وطالبات نے گوجر خان کا نام فخر سے بلند کیا ہے،نیک نیتی اور مصمم ارادے سے آپ کامیابی کی بلندیوں کو چھو سکتے ہیں،پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ نعمتوں سے نوازا ہے،پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے قابل طلباء و طالبات کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک خداداد کو چیلنجز سے نکالنے کے لئے ہمیں اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔

گوجر خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں