ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے معافی مانگنے آئے ڈرائیور کو قتل کر دیا

مقتول ڈرائیور قصور کا رہائشی ہے جس نے ایک ہفتہ قبل لاہور میں ٹرک چلاتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 24 دسمبر 2023 22:44

ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے معافی مانگنے آئے ڈرائیور کو قتل کر دیا
گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 دسمبر2023ء) گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے معافی مانگنے آئے ڈرائیور کو قتل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول ڈرائیور قصور کا رہائشی ہے جس نے ایک ہفتہ قبل لاہور میں ٹرک چلاتے ہوئے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی تھی۔ سمیع اللہ کے ورثا نے لاہور میں مقدمہ درج کروایا تھا ، تاہم ڈرائیور عاشق آج معافی مانگنے نوجوان کے گھر آیا تو ورثا نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ میں پیش آیا، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر فیصل آباد میں پیزا کے پیسے مانگنے پر فائرنگ کر کے ڈلیوری بوائے کو قتل کر دیا گیا۔ پیزا ڈلیوری بوائے کو گزشتہ رات گولی ماری گئی تھی، کئی گھنٹے ہسپتال میں زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پیزا ڈلیوری بوائے کاشف رسول گزشتہ رات جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹاؤن میں پیزا ڈلیور کرنے گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے نے پیزا دے کر بل مانگا تو ملزمان نے گالم گلوچ کی اور پیسوں کا تقاضا کرنے پر ڈلیوری بوائے پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے ڈلیوری بوائے زخمی ہو اجبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ڈلیوری بوائے کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔ پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے کاشف رسول تین بچوں کا باپ تھا، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں