گوجرانوالہ ،انسداد دہشتگردی عدالت کا9 مئی مقدمات میں 51ملزمان کو5،5سال قید کی سزا کا حکم

9مئی مقدمات کا پہلا فیصلہ سنا دیاگیا،انسداد دہشتگردی عدالت کی جج نتاشہ سلیم سپرا نے فیصلہ سنایا،فیصلہ جیل کے کورٹ روم میں سنایا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 30 مارچ 2024 15:23

گوجرانوالہ ،انسداد دہشتگردی عدالت کا9 مئی مقدمات میں 51ملزمان کو5،5سال قید کی سزا کا حکم
گوجرانوالہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 مارچ2024 ء) 9مئی مقدمات کا پہلا فیصلہ سنادیاگیا، گوجرانوالہ کینٹ میں9مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ کے کیس کا فیصلہ سنادیاگیا،انسداد دہشتگردی عدالت نے 51ملزمان کو 5،5سال قید کی سزا کا حکم سنادیا،انسداد دہشتگردی عدالت کی جج نتاشہ سلیم سپرا نے فیصلہ سنایا۔فیصلہ جیل کے کورٹ روم میں سنایا گیا۔عدالت نے پانچ دفعات کے تحت ایک ،ایک سال قید کی سزاسنائی۔

مختلف دفعات کے تحت سزا کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔گوجرانوالہ پولیس کے مطابق حملے میں ایک ایس پی سمیت 10پولیس اہلکار زخمی اور ایک شہری جاں بحق ہوا تھا، مظاہرین کی جانب سے 4گا ڑیاں بھی توڑی گئی تھیں۔9 مئی کو تھانہ کینٹ پولیس نے ایس ایچ او مدثر بٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سمیت 23 نامزد اور 100 نامعلوم افراد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

21 دسمبر 2023 کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملے اور جلاوٴ گھیراوٴ سے متعلق مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب اور علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 51 رہنماوٴں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے۔یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے 9 مئی کو گوجرانوالہ کینٹ پر حملہ اور جلاوٴ گھیراوٴ سے متعلق مقدمے میں مراد سعید، حماد اظہر، فرخ حبیب اور علی امین گنڈاپور سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 51 رہنماوٴں کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم سنا یا تھا۔

جن ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ان میں مراد سعید ، حماد اظہر، فرخ حبیب، عمر ایوب ، علی امین گنڈا پور ، زرتاج گل، زبیر نیازی ، جنرل (ر) اکرم ساہی ، شوکت بھٹی، گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی امیدواران احمد چٹھہ ، بلال اعجاز اور ظفر اللہ چیمہ سمیت میاں طارق ، رانا ساجد شوکت، لالہ اسد اللہ پاپا کے نام شامل تھے۔انسداد دہشتگردی عدالت نے زیر دفعہ 88 کے تحت جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا، مقدے میں ملوث 51 ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی جاری ہے، عدالتی حکم پر ملزمان کے گھروں اور شہر کے اہم مقامات پر اشتہار آویزاں کئے گئے تھے۔

9 مئی کو مشتعل افراد کی جانب سے ملک بھر میں مختلف مقامات پر عسکری تنصیبات پر حملے، جلاوٴ گھیراوٴ اور مظاہرے کیے گئے تھے، اس دوران سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں