گوجرانوالہ:ڈسٹرکٹ پٹرول پمپس کمیٹی کااجلاس ،3نئے پٹرول پمپس لگانے کیلئے این اوسی کے اجرا کی منظوری دیدی گئی

جمعہ 5 اپریل 2024 22:18

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنرمحمد طارق قریشی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ پیٹرول پمپس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں3 نئے پیٹرول پمپس لگانے کیلئے این اوسی اجراء کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں مجموعی طورپرضلع بھرسے4 کیسزمنظوری کیلئے پیش کیے گئے،3 کیسزکومحکمانہ رپورٹس کی روشنی میں اجازت نامے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیااور1 کیس کو قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر آئندہ اجلاس کیلئے موخر کردیا گیا۔

اجلاس میں کمیٹی ممبران اور متعلقہ محکموں ٹریفک پولیس،جنگلات، ہائی ویز، ماحولیات، سوئی گیس، واپڈا، پی ٹی سی ایل، تحصیل کونسل و کارپوریشن، سول ڈیفنس کے افسران و نمائندے شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں دی جانے والی خدمات (سروسز) کی فراہمی میں آسانی، شفافیت اور تیز تر فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرپشن کی شکایات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنا رکھی ہے جس کا مقصد حکومتی پالیسی کے مطابق سائلین کو درکار سروسز کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنی رپورٹس کا بغور معائنہ کریں اور ان رپورٹس کو بروقت ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کریں، قانونی تقاضے پورے کرنے والے کیسز میں بلا جواز اور غیر ضروری التواء کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں