۹ بلوچ کو بلوچستان سے کوئی بھی طاقت الگ نہیں کرسکتا،اسلام آباد کو صرف بلوچستان کے وسائل سے کام ہے،مالک بلوچ

پیر 1 اگست 2022 21:00

ق*گوادر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اگست2022ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچ کو بلوچستان سے کوئی بھی طاقت الگ نہیں کرسکتا،اسلام آباد کو صرف بلوچستان کے وسائل سے کام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے اپنے خطاب کے دوران کیا ۔واضح رہے کہ ضلع گوادر کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیت ہوت عبدالغفور اپنے خاندان، رفقائے کار اور ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شامل ہوگئے۔

شمولیتی تقریب ہوت عبدالغفور کی رہائش گاہ میں منعقد کی گئی تھی۔ پروقار شمولیتی تقریب کے دوران ہوت عبدالغفور نے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں اج نیشنل پارٹی کے رہنماں اور دیگر اقابرین کے سامنے اپنے خیرخواہوں اور خاندان کے ساتھ نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

یہ کاروان میر غوث بخش بزنجو اور ڈاکٹر مالک کا وہ کاروان ہے جس کی جدوجہد مستقل مزاجی کے ساتھ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میری سیاست کی ا بتدا میرے سیاسی استاد مرحوم عبدالغفار ہوت کی رہنمائی میں بی این وائی ایم کے فلیٹ پر فارم پر ہوئی تھی۔ زمانہ طالب علمی میں میرا تعلق بی ایس او سہب سے رہا تھا۔ لیکن میں افسوس و ندامت کا اظہار کرتا ہوں کہ کچھ عرصہ کے دوران میں بلوچستان عوامی پارٹی میں رہا جس پر میں اپنے سیاسی کردار پر بلوچ عوام سے معافی چاہتا ہوں۔

اج میں فخر محسوس کر رہا ہوں کہ میں اور میرے دوست احباب ایک قوم پرست پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ اج مجھے خوشی ہے کہ نیشنل پارٹی کی پوری قیادت میرے گھر پر موجود ہے۔ میں ان کا تہہ دل سے مشکو و ممنون ہوں۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر مالک بلوچ، مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر رحمت صالح بلوچ، مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی، مرکزی کمیٹی کے اراکین جسٹس ریٹائرڈ شکیل احمد بلوچ، واجہ ابوالحسن، اشرف حسین، میڈم طاہرہ خورشید، صوبائی فشریز سیکریٹری آدم قادربخش اور بی ایس او کے سابقہ چیئر مین نادر قدوس نے خطاب کیا۔

انہوں نے ہوت عبدالغفور اوران کے ساتھیوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کو خوش آئیند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اب نیشنل پارٹی گوادر میں مزید مستحکم و مضبوط ہوگی۔ عبدالغفور ہوت ایک سیاسی شخصیت اورتجربہ کار سیاسی شخصیت ہیں ان کی پارٹی میں شمولیت پر پارٹی ان کو خوش آمدید اور ان کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی محسوس نہیں کیا کہ ہوت عبدالغفار ہم سے جدا ہوئے وہ ہمارے دلوں میں بسے ہیں۔

ہم عبدالغفار ہوت کی کمی کو ہمیشہ محسوس کرتے رہیں گے۔ ہمیں بی این ایم کی جدوجہد بھی یاد ہے۔ اپ اور آپ کے ساتھیوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے ہم مزید مضبوط اور توانا ہونگے۔ امید ہے کہ ہوت عبدالغفور پارٹی کو مزید متحرک کرنے کے لئے اپنی بھر پور توانائیاں استعمال کرکے لوگوں کو اپنے قریب لانے میں اہم کردار ادا کریں گے پارٹیاں اس وقت مضبوط ہونگی جب عوام اس میں شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں نوجوانوں کو متحرک کرنا ہوگا۔ جدوجہد ہی واحد ایک راستہ ہے ہم جمہوری لوگ ہیں جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ گوادر ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے جو گوادر کو لوٹتے رہے ہیں ماہیگیر پریشان حال ہیں مزدور بے روزگار ہیں بارڈر بند کاروبار بند لوگوں کو نان شبینہ کا محتاج بنایا گیا ہے۔ اسلام اباد کے حکمرانوں کو بلوچستان کے وسائل سے غرض ہے۔

بلوچ اور بلوچستان کبھی جدا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکز کواپنا مائینڈ سٹ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گوادر میں بسنے والے لوگوں کے آباو اجداد نے قربانیاں دی ہیں۔ ہم ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اج بلوچستان سیلاب میں ڈوبا ہے لیکن یہ واحد صوبہ ہے کہ وزیر اعلی اور وزیراعظم الگ الگ سیلاب زدگان کا فضائی دورہ کر رہے ہیں۔

سیلاب زندگان امداد کی راہ دیکھ رہے ہیں۔لیکن حکومت سے امداد کی امید نہیں رکھتے ہمیں اور آپ کو اپنے بھائیوں کی اس مصیبت کی گھڑی میں ان کی بھر پور مدد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو ہم نے جھاو اور کولواہ کے زلزلہ دگان کے لیے ہزاروں مضبوط زلزلہ فروف گھر بنا کر دئیے۔ اب تک سیلاب زدگان کو ایک ٹینٹ بھی نہ مل سکا۔ پارٹی ورکروں کو چائیے کہ وہ دیہاتوں میں جائیں سیلاب سے متاثرین کی امداد کریں۔ اب بلوچ قوم کے تشخص کو بچانا ہے۔ گوادر اور بلوچستان کے زمینوں اس کے ساحل و وسائل، اس کے معدنی دولت اس کے بارڈر ٹریڈ کو بچانا ہے۔ تقریب کے نظامت کے فرائض نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر ناگمان بلوچ نے اداکئی

گوادر میں شائع ہونے والی مزید خبریں