عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کر کے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے ،ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نورش صباء

بدھ 16 جون 2021 23:37

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2021ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نورش صباء کا کہنا ہے کہ عوام کو درپیش مسائل کو فوری حل کر کے انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے اور اسی سلسلہ میں حکومت پنجاب کی ہدایت پر قانونگوئی کی سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیاہے تاکہ لوگوں کے مسائل کو انکی دہلیز پر جا کر حل کیا جائے ۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں لگائے جانے والی کھلی کچہریوں سے عوام کو درپیش مسائل حل کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار دیہی مال مرکز کالیکی کے دورہ اور کالیکی میں کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر مراد حسین نیکو کارہ ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالمجید سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دور دراز دیہی علاقوں میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ اسی لیے وہ خود دیہی علاقوں میں جا کر عوام کی شکایات اور مسائل سن رہی ہیں تاکہ ان لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے دوردراز شہروں میں دفاتر کا چکر نہ لگانا پڑے ۔انکا کہنا تھا کہ قانونگوئی کی سطح پر دیہی مال مرکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہاں کے لوگ اپنے اراضی کے انتقال ،فردات اور دیگر ریونیو مسائل انہی دیہی مال مرکز میں حل کروا سکیں ۔

کھلی کچہری میں آنے والے سائلین نے کالیکی میں صفائی ،تجاوزات ،ناجائز رکشہ اسٹینڈ،گراں فروشی ،نہری پانی کی دستیابی سمیت دیگر مسائل اور شکایات پیش کیں جن کے فوری حل کے لیے ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کیے ،عوامی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے گرلز ہائی سکول کا گیٹ بھی دوسری جگہ منتقل کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا تاخیر اپنی اور اپنے اہلخانہ کی ویکسی نیشن مکمل کروائیں تاکہ کورونا وائرس سے چھٹکار ا پا یا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اب تو عوام کی سہولت کے لیے ویکسی نیشن سنٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ موبائل ویکسی نیشن کی بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم سب اپنی ویکسی نیشن مکمل کروائیں

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں