حافظ آباد،6ستمبر کا دن غیرت وحمیت کی داستان لیے ہوئے ہے جو شہیدوں کے لہو سے لکھی گئی،کاشف جلال بیگ

منگل 7 ستمبر 2021 00:22

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2021ء) یوم دفاع کے سلسلہ میں تقریب کپس کالج حافظ آباد کیمپس میں منعقد ہوئی جس طلباء و طالبات نے بڑی گرم جوشی سے ملک پاکستان کے کامیاب دفاع کی یاد کو تازہ کرنے کے لیے تقاریر، ملی نغمے اور قومی ترانے پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کاشف جلال بیگ نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن غیرت وحمیت کی داستان لیے ہوئے ہے، جو شہیدوں کے لہو سے لکھی گئی۔

پاک فوج کے شیروں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس کے دانت کھٹے کرد یے اور ملت کے پاسبان بن کر چونڈا کے مقام پہ انڈین ٹینکوں کا قبرستان بنا دیا، جب کہ 52 سیکنڈ میں دشمن کے پانچ جنگی طیارے بھی مار گرائے۔ان کا کہنا تھا کہ6ستمبر1965ء کو پاکستانی افواج نے دشمن کو خبردار کر دیا کہ پاکستان میں ایک ایسی قوم بستی ہے کہ جس کا ایک ایک فرد جذبہ شہادت سے سرشار ہے، جو ابل پڑے تو مانند شرر فشاں دشمن پر برس پڑتا ہے اور دشمن کو تاریخ کی پرانی سطریں بنا دیتا ہے۔

(جاری ہے)

افواج پاکستان نے 65ء کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دیکر دانت کھٹے کردیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم دفاع شہداء وطن اور غازیوں کو خرا ج عقیدت اور سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ شہداء نے اپنی جانیں قربان کرکے ملک کا دفاع مضبوط بنایا۔یہ دن شہیدوں اور غازیوں کو یاد کرنے کیساتھ تجدید عہد کا دن بھی ہے کہ جب کبھی ملک پر کوئی مشکل وقت آئے گا تو ہر شہری تعصبات سے بالاتر ہوکر ملکی دفاع میں اپنا کردار ادا کریگا۔

انھوں نے طلبہ پر زور دیا کہ اپنی علمی کاوشوں کو بہتر بنا کر زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کیوں آج ہمارا دشمن اسی تاک میں ہے کہ وہ علمی، ادبی ،ٹیکنالوجی اور ثقافتی میدان میں آگے نکل کر ہم پر اعصابی جنگ مسلط کر سکے۔لیکن ہمارے نوجوان آج بھی ملک پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی کا مشن لے کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں