ٹل میں پولیس کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد،ڈی پی اوہنگوکی شرکت

منگل 25 ستمبر 2018 22:32

ہنگو۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو پیر شہاب علی شاہ کی جانب سے عوام مسائل سے آگاہی کے لئے ٹل میں کھلی کچہری کاانعقاد کیا گیا جس میں تحصیل ناظم اعلیٰ حاجی پیاؤزار،ڈی ایس پی شوکت بخاری،ایس ایچ او جمشیدخان،ٹی ایم او ٹل رب نواز سمیت عمائدین علاقہ اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔

کھلی کچہری کے دوران علاقہ مشران تحصیل ناظم حاجی پیاوزار،عمر بنگش ،شوکت حیات و دیگر نے علاقہ عوام کے مسائل بیان کئے اور پولیس کے سامنے مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ ٹل بازار اور دیگر مقامات پر ناجائز تجاوزات کی بھر مار سے علاقہ عوام عاجز آچکے ہیں اور ٹریفک سٹاف کی کمی کے باعث اکثر اوقات ٹریفک جام رہتا ہے جس سے علاقہ عوام کو شدید مشکلات درپیش ہے، انہوں نے کہا کہ ٹل میں معمولی واقعات پربھی عوام کو تھانے اور کچہری کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں جس کے خاتمے کے لئے ٹل کے مشران پرمشتمل ٹل کے لئے الگ پولیس مصالحتی کمیٹی تشکیل دی جائے تا کہ بغیر تھانے کچہری چکر لگائے عوام کے مختلف مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

مشران نے ڈی ایس پی شوکت بخاری اور ایس ایچ او جمشید خان کی نگرانی میں پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹل میں پولیس نے 70فیصد تک منشیات پر قابو پا لیا ہے تا ہم منشیات کے مکمل خاتمے کے لئے پولیس کو مزید کردار ادا کرنا ہوگا جس کے لئے علاقہ عوام بھر پور تعاون پیش کریں گے۔مشران کا کہنا تھا کہ سود خوری ،منشیات فروشی کے خلاف خصوصی مہم شروع کیا جائے جبکہ منشیات کے عادی افراد کے لئے سرکاری طور پر علاج معالجہ کا انتظام کیا جائے۔

اس موقع پر ڈی پی او ہنگو نے علاقہ مشران کے مطالبات پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے ٹریفک نفری کو بڑھانے،ٹل میںمصالحتی کمیٹی کے قیام اور پولیس سے متعلق دیگر مطالبات فوری حل کر نے کی رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایات جاری کر دئیے جبکہ نشے میں ملوث افراد کے علاج کیلئے محکمہ صحت ہنگو سمیت متعلقہ ذمہ داران کیساتھ مل کر خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

ڈی پی او ہنگو نے کہا کہ سود کے خاتمے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے عوام کے تعاون سے ہی اس پر قابو پالیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد براہ راست عوام کے مسائل سے آگا رہنا ہے او ر مسائل کے حل میں علاقہ مشران کا خصوصی کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے عمائدین علاقہ اور خصوصاً عوامی نمائندوں سے پولیس کے ساتھ تعاون پربھی زور دیا۔

ہنگو میں شائع ہونے والی مزید خبریں