سینٹر شبلی فراز کا این آر ٹی سی، ہری پور کا دورہ ، ساز و سامان کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے دو پروٹوٹائپ تیار کئے جا چکے ہیں ، جلد وزیر اعظم کے معائنے کے لیے پیش کیا جائے گا، وفاقی وزیر کو بریفنگ

بدھ 28 اپریل 2021 17:00

سینٹر شبلی فراز کا این آر ٹی سی، ہری پور کا دورہ ، ساز و سامان کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2021ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی سینٹر شبلی فراز نے این آر ٹی سی، ہری پور کا دورہ کیا۔ سینٹر شبلی فراز کو ادارے میں کی جانے والی ریسرچ اور تیار کئے جانے والے ساز و سامان کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے این آر ٹی سی کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور ان میں جاری کام کا جائزہ لیا۔

بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے دو پروٹوٹائپ تیار کئے جا چکے ہیں اور انہیں جلد وزیر اعظم کے معائنے کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا کہ ادارہ عالمی معیار کے وینٹیلیٹرز کی تیاری کی مکمل صلاحیت حاصل کر چکا ہے اور اس ضمن میں ایف ڈی اے کی تصدیق کا انتظار ہے،مزید بتایا گیا کورونا وبا کے دوران 109 خراب وینٹیلیٹرز کو استعمال کے قابل بنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کا مستقبل سائنس اور ریسرچ سے وابستہ ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اس شعبہ میں آگے بڑھنا ہوگا تاکہ ہم ملک پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کر سکیں۔ وفاقی نے اس ضمن میں این آر ٹی سی کی کاوشوں کو انتہائی الفاظ میں سراہا۔ وفاقی وزیر سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے انتخابات کا صاف اور شفاف ہونا انتہائی اہم ہے اس سلسلہ میں ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی تیاری میں شفافیت اور عام فہمی کے عمل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ اسی سے ہی ان کو سیاسی جماعتوں، اداروں اور عوام کا اعتماد حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری نہ ہونے کی یقین دھانی ہی میں اس نظام کی کامیابی کا راز ہے۔وفاقی وزیر سینٹر شبلی فراز نے کہا کہ این آر ٹی سی کی جانب سے عالمی معیار کے وینٹیلیٹرز تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کرنا انتہائی خوش آئند ہے مزید برآں خراب وینٹیلیٹرز کو استعمال کے قابل بنا کر این آر ٹی سی نے وبا کے دوران ہیلتھ کیئر کے نظام پر بوجھ میں خاطر خواہ کمی کی ہے۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں