بلوچستان،ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکا، 8 افراد جاں بحق

وزیراعظم کی حادثے کے نتیجے میں زخمی کان کنوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت

بدھ 20 مارچ 2024 13:21

ہرنائی /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2024ء) بلوچستان کے ضلاع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)کے حکام نے بتایا کہ کوئلے کی کان سے 8 کانکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہونے والے 8 کانکنوں کی لاشیں بھی نکال لی گئی ہیں، جبکہ کوئلے کی کان میں پھنسے 4 کانکنوں کو نکانے لیے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ گیس دھماکے کے وقت کان میں 20 کانکن موجود تھے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیاہے، بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی بلند درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کان کنوں کی ریسکیو کی کوششوں کو تیز تر کرنے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے حادثے کے نتیجے میں زخمی کان کنوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کے واقعات انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں، غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی۔

ہرنائی میں شائع ہونے والی مزید خبریں