ہارون آباد، رمضان کا جامع سیکیورٹی پلان جاری ،ضلع بھر میں 240مساجد ،16امام بارگاہوں پر 1700سے زائد پولیس ملازمین و قومی رضا کارتعینات ہونگے

پیر 12 اپریل 2021 15:57

ہارون آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2021ء) رمضان المبارک کا جامع سیکیورٹی پلان جاری کردیا گیا،ضلع بھر میں 240مساجد اور16امام بارگاہوں پر 1700سے زائد پولیس ملازمین و قومی رضا کارتعینات ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد ظفر بزدار کی ہدایت پر ضلعی پولیس نے رمضان المبارک کا جامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔

ضلع بھر میں 240مساجد اور16امام بارگاہوں جن میں Aکیٹیگری کی 6،Bکیٹیگری کی 28اورCکیٹیگری 206 مساجدجبکہ Aکیٹیگری کی 4اورBکیٹیگری کی 12امام بارگاہوں پر 1700سے زائد پولیس ملازمین و قومی رضا کار اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے۔ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے۔راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے خار دار تاریں لگائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

تما م سیکیورٹی امور کی نگرانی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے کی جائیگی۔ڈیوٹی پر تعینات تمام اہلکار اپنی نیم پلیٹ اور کارڈ یونیفارم پر آویزاں کریں گے۔پارکنگ کم از کم200گز کے فاصلہ پر کی جائیگی تاکہ روزہ داران اور نمازی امن و سکون اور یکسوئی کے ساتھ عبادت کرسکیں۔نماز تراویح،سحری و افطاری کے علاوہ نماز جمعہ کے دوران ضلعی پولیس محنت و جاں فشانی سے اپنے فرائض منصبی سرا نجام دیں گے۔

اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ تمام مکتبہ فکر کو چاہیے کہ یک نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ انتظامیہ اپنے مرتب کردہ سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کرکے علاقہ کو ماہِ صیام میں امن کا گہوارہ بنا سکے۔ماہِ صیام میں گشت کا منظم نظام بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ضلعی پولیس اپنے محدود وسائل میں رہ کر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ ڈی پی او بہاولنگر نے علماء کرام اور میڈیا نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ امن کے قیام میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔عوام الناس سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد مشکوک اشخاص اور اشیاء پر کڑی نگاہ رکھیں۔ایمر جنسی کی صورت میں پولیس کنٹرول روم ڈی پی او آفس 15اور063-9240064پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :

ہارون آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں