حسن ابدال،گھر میں لگی جعلی ادویات ساز فیکٹری پکڑی گئی

بھاری مقدار میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر بنائی ہوئی اور ہندوستانی جعلی ادویات کی کھیپ اور مشینری برآمد

بدھ 25 اگست 2021 22:25

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2021ء) گھر میں لگی جعلی ادویات ساز فیکٹری پکڑی گئی۔بھاری مقدار میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر بنائی ہوئی اور ہندوستانی جعلی ادویات کی کھیپ اور مشینری برآمدکر لی گئی۔جعلی ادویات سازفیکٹری کا انکشاف اُس وقت ہوا جب نوجوان لڑکے کے کنویں میں گرنے کے حوالہ سے ریسکیو1122کو اطلاع کی گئی ،ریسکیو1122کی ٹیم کے کنویں سے لاش نکالنے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھر میں قائم جعلی ادویات ساز فیکٹری پکڑلی،محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،جعلی ادویات اور بھاری مشینری قبضہ میں لے لی گئی ،جعلی ادویات ساز فیکٹری کا مالک موقع سے فرار ،پولیس نے اِس کی اہلیہ اور گھر کے دیگر افراد کو حراست میں لے لیا،کنویں سے ملنے والی لاش کے قتل یا حادثہ کی بھی تحقیقات شروع۔

(جاری ہے)

تھانہ سٹی حسن ابدال کی حدود میں واقع محلہ اِسلام پورہ ہاوسنگ کالونی میں ایک نوجوان لڑکے کے کنویں میں گرنے سے متعلق ریسکیو1122کو اطلاع ملی جس پر ریسکیو1122کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کنویں سے نوجوان لڑکے کی لاش کو نکالا ،قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس نے اِسی گھر میں لگی جعلی ادویات ساز فیکٹری پکڑلی جہاں جعلی ادویات اور بھاری مشینری موجود تھی جس کی محکمہ ہیلتھ کو اطلاع کی گئی جس پر ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر اٹک ڈاکٹر جواد،ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر حسن ابدال عمرزیب عباسی اور اُن کے دیگر ٹیم فوری طور پر پہنچ گئے اور گھر سے بھاری مقدار میں ملٹی نیشنل کمپنیوں کے نام پر بنائی ہوئی اور ہندوستانی جعلی ادویات اور بھاری مشینری قبضہ میں لے لی۔

حسن ابدال اِسلام پورہ ہاوسنگ کالونی میں عرصہ دراز سے جعلی ادویات ساز فیکٹری چلانے والے شخص اشتیاق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اُس کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور کنویں سے ملنے والی نوجوان لڑکے کی لاش اِس کے کسی عزیز رشتہ دار کی ہے ۔پولیس نے جعلی ادویات ساز فیکٹری کے مالک اشتیاق کی اہلیہ اور گھر کے دیگر افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کنویں سے ملنے والی نوجوان لڑکے کی لاش کی حادثاتی موت یاقتل اور جعلی ادویات ساز فیکٹری سے متعلق باقاعدہ تحقیقات شروع کردیں۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں