پاکستان اورمشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ

منگل 16 اپریل 2024 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) پاکستان اورمشرقی افریقہ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ہواہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات میں سالانہ بنیادوں پر44.50 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں کینیا، تنزانیہ اورمشرقی افریقہ کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو598.17 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 44.50 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 413.94 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

فروری میں مشرقی افریقہ کو برآمدات سے ملک کو72.60 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوجنوری میں 91.67 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 50.06 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں مشرقی افریقہ کے ممالک کوبرآمدات کاحجم 650.47 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں مشرقی افریقہ سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر5.21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔

مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے درآمدات پر645.17 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 613.19 ملین ڈالرتھا۔ فروری میں مشرقی افریقہ کے ممالک سے 59.50 ملین ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئیں جوجنوری میں 84.29 ملین ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 38.92 ملین ڈالرتھی۔مالی سال 2023 میں مشرقی افریقی ممالک سے مجموعی درآمدات کاحجم 788.61 ملین ڈالرتھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں