وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی عمران خان کی صوابدید ہے، شاہ محمود قریشی

جمعرات 16 اگست 2018 23:54

وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی عمران خان کی صوابدید ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیرمین و رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی عمران خان کی صوابدید ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور (آج) جمعہ تک وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں سپیکر کے عہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں جنہوں نے اپنے عہدے کا حلف بھی لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے اور خیبرپختونخوا میں ہمارے وزیراعلیٰ بن چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں ہمارے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں دراڑیں پڑنے کی باتوں میں کسی قسم کی کوئی سچائی نہیں اور یہ بات واضح بھی ہو گئی ہے اور یہ دراڑیں پی ٹی آئی میں نہیں بلکہ متحدہ اپوزیشن میں پڑی ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی نے تو پاکستان مسلم لیگ (ن) سے لاتعلقی کا اعلان بھی کر دیا ہے اور انہوں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ بھی نہیں دیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی تو محمد شہباز شریف کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ نام وزارت عظمیٰ کے لیے موزوں نام نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ایک ایسے شخص کی تلاش میں ہیں جس پر کوئی داغ نہ ہو، وہ نئے پاکستان کے موقف اور جذبے کو پوری طرح سمجھتا ہو، وہ اس انداز سے حکمرانی کرے جس انداز سے پاکستان کے ووٹرز نے پی ٹی آئی سے توقعات وابستہ کی ہیں اور عمران خان کے وژن اور ان کے پروگرام سے ذہنی مطابقت بھی رکھتا ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں