وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد وزارت مواصلات کی گاڑیوں کی نیلامی

وزارت مواصلات کی 269 گاڑیاں نیلام کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 76 گاڑیوں کی کھیپ کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 اکتوبر 2018 13:27

وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کے بعد وزارت مواصلات کی گاڑیوں کی نیلامی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اکتوبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری مہم کی پیروی کرتے ہوئے وزیراعظم ہاؤس کے بعد وزارت مواصلات کی گاڑیاں بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت مواصلات کی 269 گاڑیوں کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ گاڑیوں کی نیلامی وزیر مملکت مراد سعید کی ہدایت پر کی جا رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں 76 گاڑیوں کی کھیپ کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔نیلامی کیلئے گاڑیوں کو اسلام آباد کے جی 10 میں واقع فٹ بال گراونڈ میں رکھا گیا ہے۔ جس کے بعد کراچی اور کوئٹہ میں موجود گاڑیوں کی بھی نیلامی ہو گی۔ان گاڑیوں میں پراڈو، جیپ ، ٹویوٹا، کرولا ، ہائی ایس،سوک اور کلٹس گاڑیاں شامل ہیں۔ وزیر مملکت مراد سعید نے کہاکہ وزارت مواصلات کی 269 گاڑیاں نیلام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مراد سعید گاڑیوں کی نیلامی کے وقت خود بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدے کیے ان کو پورا کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی بھی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی 24 اکتوبر کو ہوگی۔

24 اکتوبر کو ہونے والی نیلامی میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی چھ استعمال شدہ گاڑیاں اورایک موٹر سائیکل کو پیش کیا جائے گا۔ گاڑیوں کا معائنہ دن گیارہ سے ایک بجے تک پارلیمنٹ ہاؤس میں کیا جاسکتا ہے۔یا درہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کفایت شعار پالیسی کے تحت وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیاں نیلام کرنے اور نیلامی سے حاصل ہونے والا پیسہ قومی خزانے میں جمع کروانے کا اعلان کیا تھا۔

جس کے بعد 17 ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کو نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔ 17 ستمبر کو 62 گاڑیاں نیلام ہو گئیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کی مزید 49 سرکاری گاڑیوں کی نیلامی 17 اکتوبر کو کی جائے گی۔ نیلامی کا عمل وزیراعظم ہاؤس کے پارکنگ ایریا نزد گیٹ 7 پر منعقد ہوگا۔ گاڑیوں میں 19 بلٹ پروف اور 27 نان بلٹ پروف شامل ہیں۔ یہی نہیں بلکہ عمران خان کے سادگی کے وژن کی پیروی کرتے ہوئے پنجاب حکومت نے بھی اپنی 54 لگژری گاڑیاں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیانیلامی کے لیے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے زیر استعمال رہنے والی 2 بلٹ پروف اور2 لگژری گاڑیوں بھی شامل ہوں گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے گاڑیوں کی نیلامی کے لیے قومی اخبارات میں جلد اشتہار بھی دیا جائے گا جبکہ عدالت کے حکم پر پنجاب کی پبلک سیکٹر کمپنیوں سے واپس لی گئی 42 نئی لگژری گاڑیوں سے متعلق فیصلے کے لیے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں