آصف علی زرداری کا سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت

شہیدوں کی عظیم اور بے مثال قربانی کی وجہ سے جمہوریت کا تابناک سورج طلوع ہوا،سابق صدر

بدھ 17 اکتوبر 2018 22:14

آصف علی زرداری کا سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے ان شہیدوں کی عظیم اور بے مثال قربانی کی وجہ سے جمہوریت کا تابناک سورج طلوع ہوا۔ایک پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو وطن دشمنوں نے کارساز کے مقام پر کاروانِ جمہوریت کی تاریخی اور بے مثال ریلے پر حملہ کیا ، مگر پختہ عزم ، وفادار اور بہادر جیالوں نے اپنی جان کو ڈھال بناکر اپنی زندگی قربان کرکے اپنی عظیم بہن محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا تحفظ کیا۔

آصف زرداری نے کہا جمہوریت کے ان روشن ستاروں کی قربانی کی وجہ سے آمریت کو شکست اور جمہوریت کی فتح ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج ان شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو کار ساز کے مقام پر شکست دیکر قوم کے سامنے اس حقیقت کو آشکار کیا شدت پسند ہمارے اور ہمارے وطن کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو کراچی شہر میں 30 لاکھ سے زیادہ عوام نے پاکستانی قوم پرست محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظرئیے کی تائید کی کہ قائد اعظم اور قائد عوام کے پاکستان کو پرامن، جمہوری، اور باوقار ملک بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ان شہیدوں کی جدوجہد کو با ثمر کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو بحال کیا، پارلیمنٹ کو بااختیار بنانا، صوبوں کو خود مختاری دی، پختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی پہچان دی۔ سابق صدر نے کہاکہ آج اس جمہوریت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں جو بہت بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوئی تھی۔ آصف زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی منتخب پارلیمنٹ کا دفاع کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں