مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا بہتا خون اقوام متحدہ کے ضمیر پر داغ ہے،چوہدری فوا د حسین

کشمیری اپنے حق خود ارادیت کا عالمی وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،وزیر اطلاعات و نشریات

پیر 22 اکتوبر 2018 14:46

مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا بہتا خون اقوام متحدہ کے ضمیر پر داغ ہے،چوہدری فوا د حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کا بہتا خون اقوام متحدہ کے ضمیر پر داغ ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کا عالمی وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے بھارتی درندگی کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتا ہوا ظلم بھارت کی مقبوضہ وادی میں شکست کا اعتراف ہے، بھارتی قابض افواج کی بندوق اورظلم کانشانہ عالمی ضمیر بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی ماؤں، بہنوں، بچوں، نوجوانوں اور ضعیفوں نے حریت کی تابندہ مثال قائم کی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برداری اقوام متحدہ کے کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں کرداراداکرے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شہید ہونے والے حریت پسند اصول اور سچائی کے دمکتے ستارے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے شہداء اس امر کا ثبوت ہیں کہ وہ بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔ وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر سے اور کتنا خون چاہیے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں