سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی

سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی ،ْذرائع وزارت خزانہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی ،ْ اقتصادی ماہر

جمعہ 14 دسمبر 2018 13:40

سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کی دوسری قسط پاکستان کو منتقل کردی جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ کے ذخائر 8 ارب 26کروڑ ڈالر ہوگئے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق سعودی پیکج کے تحت ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں پاکستان کو ملے گی۔اس سے قبل گذشتہ ماہ نومبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط موصول ہونے کی تصدیق کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس 23 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کو 12 ارب ڈالر کا امدادی پیکج دینے پر رضا مند ہوگیا ہے۔دورے کے دوران پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ الجدان کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق سعودی عرب نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3 ارب ڈالر ایک سال کیلئے ڈپازٹ کرے گا جس کا مقصد ادائیگیوں کے توازن کو سہارا دینا ہے ،ْاب ان میں سے 2 ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں آچکے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا تھا کہ تاخیر سے ادائیگی کی بنیاد پر سعودی عرب پاکستان کو سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل دیگا اور یہ سلسلہ 3 سال تک جاری رہے گا جس کے بعد اس پر دوبارہ جائزہ لیا جائیگا۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں