سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر انگریزی زبان میں تقریر

شہزادہ محمد بن سلمان بیرون ملک انگریزی زبان میں تقریر کرنے والے پہلے سعودی حکمران بن گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 فروری 2019 10:28

سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد پر انگریزی زبان میں تقریر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 فروری 2019ء) : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آمد اور وزیراعظم عمران خان سے ان کی قربت نے دنیا بھر کو حیران کر دیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان پہنچے تو وزیراعظم عمران خان پہلے سے ہی نور خان ائیر بیس پر ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے مصافحے کے وقت سعودی ولی عہد کے چہرے پرایسے مسکراہٹ رہی جیسے عمران خان سے برسوں کا یارانہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے مصافحے کے لہے ہاتھ آگے بڑھایا تو سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کو گلے سے لگایا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان میں انگریزی زبان میں تقریر کی۔ جس کے تحت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بیرون ملک انگریزی زبان میں تقریر کرنے والے پہلے سعودی حکمران بن گئے ۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس سے قبل کسی سعودی حکمران نے بیرون ملک جا کر انگریزی زبان کا استعمال نہیں کیا۔

سعودی حکمران ہمیشہ دوسرے ملک جا کر اپنی عربی زبان میں ہی تقاریر کرتے ہیں۔ لیکن سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پہلے سعودی حکمران ہیں جنہوں نے انگریزی زبان میں خطاب کیا، ان کا انگریزی میں خطاب بہت فصیح و بلیغ تھا۔یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان گذشتہ روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے۔ سعودی ولی عہد کا پاکستان میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد کا طیارہ پاکستان کی حدود میں داخل ہوا توایف 16اور جے ایف 17 تھنڈرلڑاکا طیاروں نے شاہی طیارے کواپنے حصار میں لے لیا تھا، اور سعودی ولی عہد کے طیارے کو بحفاظت پروٹوکول کے ساتھ نورخان ایئربیس تک پہنچایا گیا، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وفاقی کابینہ کےارکان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا والہانہ ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

جس کے بعد شاہی مہمان کو وزیراعظم ہاؤس لے جایا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے خود شاہی مہمان کی گاڑی ڈرائیو کی۔ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جبکہ مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو 21 توپوں کی سلامی دی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم ہاؤس میں یاد گاری پودا بھی لگایا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے اس تاریخی دورے کے موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے مابین 20 ارب ڈالرز کے معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ سرکاری دورے پرپاکستان میں موجود ہیں جہاں آج اسلام آباد میں وہ مصروف ترین دن گزاریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں