بھارت میں الیکشن مہم پاکستان کی نفرت کی بنیاد پر ہو رہی ہے

مودی کی الیکشن میں ریٹنگ نیچے جا رہی ہے اس لیے ہمیں تیار رہنا ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 22 مارچ 2019 11:30

بھارت میں الیکشن مہم پاکستان کی نفرت کی بنیاد پر ہو رہی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مارچ2019ء) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی الیکشن میں ریٹنگ نیچے جا رہی ہے اس لیے ہمیں تیار رہنا ہو گا۔اسلام جمعرات کو سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت میں الیکشن مہم پاکستان کی نفرت کی بنیاد پر ہو رہی ہے۔ہم بھارت کے حوالے سے ہونے والی کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں تاہم انتخابات تک خطرہ ہے اس لیے زیادہ تیار رہنا ہو گا۔

انہوں نے  سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے بیرون ملک اپنے بیٹوں کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں بڑے بڑے کنویں ہیں جہاں اربوں روپے چلے جاتے ہیں، قومی ایئر لائن میں سیاسی بھرتیاں ہیں اور پی آئی اے میں خسارہ 400 ارب روپے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو پاؤں پر کھڑا کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں، اسٹیٹ لائف میں بھی خسارہ 50 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹ فیصلے نہیں کر رہے جس سے حکومت کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، بیوروکریٹ سمجھتے ہیں جتنی انکوائریاں کھل چکی ہیں نیب کے پاس افرادی قوت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب بڑے بڑے لوگوں کو عبرتناک سزائیں دے گا، بڑوں کو سزا ملنے پر چھوٹے بدعنوان خودبخود راہ راست پر آجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تین ہفتوں میں قوم کو بہت بڑی خوشخبری دونگا۔

وزیراعظم نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے دین کا ٹھیکیدار مولانا فضل الرحمان اور ان جیسے دیگر لوگوں کو بنا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیالیکن سابق حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملی اقدامات نہیں اٹھائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پلوامہ واقعے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں، لیکن جیسے ہی جیش محمد کا نام لیا گیا تو سب کی انگلیاں پاکستان پر اٹھنے لگیں، اب ہم کالعدم تنظیموں کے پیچھے لگ گئے ہیں، انہیں ختم کرکے رہیں گے۔ پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں عام انتخابات تک ہماری سرحدوں پر خطرات منڈلاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بلوچستان میں دشمن کی دہشت گردی بڑھنے کی انٹیلی جنس رپورٹس ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن جیتنے کیلئے مودی سرکار کسی بھی وقت کچھ بھی کر سکتی ہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج، حکومت اور قوم ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہردم تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کو ایسی کسی بھی صورتحال کے باوجود کوئی فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے، ہر جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے علاوہ افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدوں کو محفوظ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا رد عمل پوری دنیا کیلئے قابل احترام ہے، کون سا مہذب ملک اپنی سرزمین سے دہشت گردوں کو آپریٹ کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعیم راشد کی اہلیہ کی گفتگو ہی اصل اسلام ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں