خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو بدلا نہیں جارہا

وزیراعظم نے عثمان بزدار اور محمود خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا،ذرائع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 20 اپریل 2019 18:59

خیبر پختونخوا اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ کو بدلا نہیں جارہا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اپریل2019ء) اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اراکین اور مشیران کے اجلاس میں عمران خان نے مختلف مشیران اور وزراء کو ٹاسکس دیے اور اس کے ساتھ انہوں نے پنجاب اور خیرپختونخواکے وزرائے اعلیٰ کو ہٹائے جانے کے فیصلے سے متعلق اطلاعات کی بھی تردید کر دی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیاہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انہیں ان کے عہدوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتے کے روز اسلا آباد میں وفاقی کابینہ کے وزراء اور مشیران کے اجلاس میں وزیراعظم نے تمام وزراء کو مختلف ٹاسکس سونپے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے سب وزراء اور معاونین کو ہنگامی بنیادوں پراپنی اپنی وزارتوں اور محکموں میں کام تیز کرنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

جن وزراء کے قلمدان تبدیل کیے گئے ہیں انہوں نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ شیخ رشید احمد نے اجلاس کے اختتام پر میڈیا کو بتایا کہ وزیرصحت عامر کیانی کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے نکالا گیا ہے اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ اسد عمر کابینہ کا حصہ رہیں گے اور وہ خود انہیں منانے کراچی جائیں گے۔ وزیراعظم کی مشیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ وفاقی کابینہ کا اجلاس نہیں تھا بلکہ یہ مشیران کا اجلاس تھا اور فواد چوہدری نے اس اجلاس میں مصروفیت کی وجہ سے شرکت نہیں کی ۔ اسد عمر کی ناراضگی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ منایا اسے جاتا ہے جو ناراض ہو جبکہ اسد عمر انکی جماعت اور جماعت کے خاندان کا حصہ ہیں اور وہ جماعت سے ساتھ ہی رہیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں