موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کے پاس دو آپشنز تھے

کالم نگار خاور گھمن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی ممکنہ وجوہات بیان کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 اگست 2019 14:07

موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کے پاس دو آپشنز تھے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اگست 2019ء) : کالم نگار اور پاکستانی صحافی خاور گھمن نے اپنے حالیہ کالم میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی ممکنہ وجوہات بیان کر دیں۔ خاور گھمن کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کے پاس دو آپشنز تھے۔ پہلی یہ کہ ایسے تمام فیصلے جو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک سال کی مسلسل محنت کے بعد کیے، ان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دی جائے۔

مثال کے طور پر چار دہائیوں سے جاری افغان جنگ کو امن عمل کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار جاری رہے، ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالا جائے، نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے، مدارس میں موجود 30 لاکھ سے زائد زیر تعلیم بچوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے ، سفارتی محاذ پر جاری کامیابیوں کو مزید مستحکم کیا جائے۔

(جاری ہے)

ایف اے ٹی ایف کی لٹکتی تلوار کو سرے سے ہٹایا جائے۔ اور سب سے بڑھ کر مشرقی سرحد پر جاری نریندر مودی کی مذہبی جنونیت کا 27 فروری کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے اور ملک میں جاری غیر یقینی کیفیت کو استحکام میں بدلا جائے۔ عمران خان کے پاس ان حالات میں دوسرا آپشن یہ تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو توسیع نہ دے کر وہ ایک نئی فوجی قیادت کے ساتھ تمام امور پر نئے سرے سے ہم آہنگی پیدا کرنے کے بعد آگے بڑھتے۔

خاور گھمن کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ ایک غیر معمولی فیصلہ ہے جسے نارمل حالات میں نہیں ہونا چاہئیے تھا لیکن اس بات میں بھی کوئی شک نہیں ہےکہ آج کل ہم انتہائی غیر معمولی چیلنجز سے نبرد آزما ہیں اور ہمیں اُمید کرنی چاہئیے کہ اس فیصلے سے ملک کی بہتری ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں