بلاول بھٹو زرداری کا پی ایس 11 میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان

سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے، ہم دوبارہ انتخابات کرواکر اس سیٹ کو جیتیں گے، چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:13

بلاول بھٹو زرداری کا پی ایس 11 میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 11 میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ سچ کو چھپایا نہیں جاسکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے، ہم دوبارہ انتخابات کرواکر اس سیٹ کو جیتیں گے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ مجھے اپنے جیالوں پر فخر ہے کہ اسٹبلشمنٹ کے دباؤ کے باوجود انہوں نے قابل عزت انتخابات کے لئے جدوجہد کی۔

انہوںنے کہاکہ نیب نے پی پی پی ورکرز اور ان کے خاندانوں کو نوٹسز بھیج کر قبل از انتخابات دھاندلی کی۔انہوںنے کہاکہ ووٹنگ کے دن رینجرز اہل کاروں نے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر انتظام سنبھال لیا۔انہوںنے کہاکہ رینجرز اہل کاروں نے خواتین ووٹرز کو ہراساں کیا اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنوں سے باہر نکال دیا۔

(جاری ہے)

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نہوںنے کہاکہ پولنگ کا عمل جان بوجھ کر سست روی کا شکار کیا گیا، خواتین کے پولنگ اسٹیشنز پر جہاں پی پی کی خاصی حمایت تھی، تاخیر سے پولنگ شروع کرائی گئی، میڈیا مسلسل رپورٹ کرتا رہا کہ خواتین ووٹرز کو دھمکایا جارہا ہے کہ وہ جی ڈی اے کو ووٹ دیں۔

انہوںنے کہاکہ ہماری بار بار کی شکایتوں کے باوجود الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا، پی پی کے نامزد امیدوار کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ہم مسلسل صورت حال سنبھالنے کا کہتے رہے اور الیکشن کمیشن کی خاموشی میں اس کی بدنیتی ظاہر ہوگئی۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی انجینئرنگ کے باوجود پی پی پی نے جی ڈی اے، جے یو آئی اور پی ٹی آئی اتحاد کی برتری کو ایک سال سے کم عرصے میں گھٹایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں