خیبر پختونخوا کے میگا ترقیاتی منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کے حوالے سے اجلاس

وفاقی وزیر اسد عمر، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر عمر ایوب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کی شرکت منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت اورتکمیل سے خیبر پختونخوا میں سیاحت، توانائی، مواصلات، زراعت ، صنعت اور دیگر شعبوں کو فروغ ملے گا، لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا،وزیر اعلیٰ محمود خان

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:31

اسلام آباد،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے میگا ترقیاتی منصوبوں کو سی پیک میں شامل کرنے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر عمر ایوب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر سے الگ الگ اجلاس منعقد کئے۔

ان اجلاسوں میں خیبرپختونخوا کے میگا منصوبوں پشاور ڈی آئی خان موٹروے ، دیر موٹروے، سوات موٹروے فیز ٹو اور میگا ہائیڈل پاور پروجیکٹس کو آنے والی جوائنٹ ورکنگ گروپ اور جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی کے اجلاس میں منظوری کے بعد باقاعدہ سی پیک منصوبے کا حصہ بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزرات ہائے مواصلات، پانی و بجلی اور منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام بھی ان اجلاسوں میں موجود تھے۔

وفاقی وزراء نے ان منصوبوں کو سی پیک کا حصہ بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ ان منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت اورتکمیل سے خیبر پختونخوا میں سیاحت، توانائی، مواصلات، زراعت ، صنعت اور دیگر شعبوں کو فروغ ملے گا، لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ چترال میں پن بجلی کے میگا منصوبوں کی تکمیل کے بعد چکدرہ سوات اور چترال کے بجلی کے مسائل دور ہو جائیں گے اور صوبے میں نئے قائم کئے جانے والے انڈسٹریل زونز کو رعایتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ضم شدہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے ان علاقوں میں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ضم اضلاع کے گریڈ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر جاری کاموں کو بھی تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں