نواز شریف لندن میں سرنڈر کردیں، یا قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دیں،بابر اعوان

اپیلیں خارج ہونے کے بعد نواز شریف کا برطانیہ میں رہنا بھی مشکل ہوجائے گا، مشیر وزیر اعظم

جمعرات 24 جون 2021 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف لندن میں بھی سرنڈر کردیں یا قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دیں۔ہائی کورٹ کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ اب یہ طے شدہ وقت میں سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکتے ہیں، ایسا نہیں ہوتا کہ ملزم کی خواہش کے مطابق عدالتیں فیصلہ کریں۔

بابر اعوان نے کہا کہ عدالت کے دونوں فاضل ججز نے بہت زبردست فیصلہ دیا ہے، نواز شریف لندن میں خود کو محفوظ سمجھتے ہیں، اپیلیں خارج ہونے کے بعد نواز شریف کا برطانیہ میں رہنا بھی مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ صورت حال واضح اور سب کے سامنے آچکی کہ وہ جان بوجھ کر بھاگے ہیں، نواز شریف کی گارنٹی لینے والے شہباز شریف کیخلاف بھی ایکشن ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

مشیر برائے پارلیمانی امور نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے قانون اور اداروں کو منہ چرا رہے ہیں، حکومت پنجاب شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 100 فیصد واضح کردیا کہ فراڈ کرکے باہر گئے تھے، مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ شام کو والد کو واپس بلا سکتی ہیں۔بابر اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ایکشن نہ ہونا احتساب کے عمل پر سوالیہ نشان ہے، شہباز شریف ڈھٹائی کے ساتھ بیان حلفی کی موجودگی میں ڈٹے رہے، کیا 4 گھنٹے تقریر کرنے والا قوم کے گھٹنے پکڑے گا یا توبہ کا سجدہ کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں