پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کرگئی

کورونا ویکسین کی تیسری ایک کروڑ خوراکیں صرف 16 دن میں لگیں۔ سربراہ این سی او سی اسد عمر کا ٹویٹ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 1 اگست 2021 11:35

پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کرگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 اگست 2021ء ) پاکستان میں عالمی وبائ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں پہلی ایک کروڑ ڈوزز 113 دن اور دوسری ایک کروڑ خوراکیں 28 دن میں لگائی گئیں جب کہ کورونا ویکسین کی تیسری ایک کروڑ ڈوزز صرف 16 دن میں لگیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ اس ہفتے کے تمام 6 دن کورونا ویکسین لگانے کی رفتار میں تیزی آئی اور گزشتہ روز صرف ایک دن میں 9 لاکھ 34 ہزار خوراکیں دی گئیں جب کہ مجموعی طور پر گزشتہ 6 روز میں کورونا ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں دی گئیں۔

(جاری ہے)


دوسری طرف عالمی وباء کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا کے باعث مزید 62 افراد جاں بحق ہوگئے ، ملک بھر میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 23 ہزار 422 ہو گئی ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 5 ہزار 26 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 34 ہزار 837 ہو گئی ، اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں 56 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اس دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.82 فیصد رہی۔

بتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 865 ہوچکی ہے ، صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 44 ہزار 264 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں ، صوبہ پنجاب میں تین لاکھ 56 ہزار 920 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 87 ہزار 699 کرونا مریض رپورٹ ہوچکے ہیں ، صوبہ بلوچستان میں یہ تعداد 30 ہزار 432 بتائی گئی ، آزاد کشمیر میں 24 ہزار 501 اور گلگت بلتستان میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہزار 156 ہوچکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئیں جہاں اب تک 11 ہزار 59 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں ، صوبہ سندھ میں یہ تعداد 6 ہزار ایک سو 65 ہے ، اس کے علاوہ صوبہ خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 462 افراد کا کورونا سے انتقال ہوا ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 803 افراد کورونا کے باعث لقمہ اجل بن گئے ، گلگت بلتستان میں 144 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے ، صوبہ بلوچستان میں 328 جب کہ آزاد کشمیر میں 625 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں