عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کر دیا

عبد القیوم ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، فواد چوہدری

بدھ 4 اگست 2021 13:09

عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے نامزد کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے سردار عبدالقیوم نیازی کو نامزد کر دیا ہے جس کی تصدیق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کر دی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے نومنتخب ایم ایل ائے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے وہ ایک متحرک اور حقیقی سیاسی کارکن ہیں جن کا دل کارکنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے، سردار عبدالقیوم نیازی نے 25 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ ایل اے 18 پونچھ ون سے کامیابی حاصل کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے سردار عبدالقیوم نیازی اور متحدہ اپوزیشن کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ 53 ارکان پر مشتمل ایوان میں حکومت سازی کے لیی27 ووٹ درکار ہیں، تین مزید نشستوں پر کامیابی کے بعد پی ٹی آئی 32 نشستوں کی واضح اکثریت حاصل کرکے حکومت سازی کرنے جارہی ہے۔53 رکنی ایوان میں پی ٹی آئی کی 32، پیپلز پارٹی کی 12 اور مسلم لیگ ن کی 7 نشستیں ہیں جبکہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے پاس ایک ایک نشست موجود ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں