مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے پر وزیراعظم نے کشمیری عوام کے دل جیت لئے ، علی امین گنڈاپور

عمران خان نے ایک حقیقی سٹیٹس مین کا کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان اور خطے بلکہ دنیا کو درپیش چیلنجز کا بڑے احسن انداز میں احاطہ کیا،وفاقی وزیرامور کشمیر

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:31

مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے پر وزیراعظم نے کشمیری عوام کے دل جیت لئے ، علی امین گنڈاپور
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک حقیقی سٹیٹس مین کا کردار ادا کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان اور خطے بلکہ دنیا کو درپیش چیلنجز کا بڑے احسن انداز میں احاطہ کیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف مسئلہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کو دنیا کے سامنے رکھا بلکہ عالمی دنیا کو درپیش ماحولیاتی تبدیلی اسلاموفوبیا اور زر کی ناجائز ترسیل جیسے چیلنجز کو بھی بیان کیا اور ان کا جامع اور پائیدار حل دنیا کے سامنے رکھا، وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری پرتشدد کارروائیوں کو بھرپور انداز میں بے نقاب کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کیا اور بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے واقعات بے دریغ جاری ہیں اور مقبوضہ وادی میں میڈیا اور انٹرنیٹ پرپابندیاں عائد ہیں، وزیراعظم نے دنیا کو بتایا کی بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وزیراعظم نے سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کی تدفین کے ضمن میں بھارتی مکروہ چہرہ اور کردار کو بھی دنیا کے سامنے رکھا، وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے اور 05 اگست 2019 کے اقدامات کی واپسی، انسانی حقوق کی پامالی کی روک تھام اور مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے اقدامات کی واپسی تک بھارت سے کسی قسم کے مذاکرات ممکن نہیں ہیں، وزیراعظم نے عالمی دنیا پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے، وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی سے خطاب نے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کیا ہے دریں اثناء مسئلہ کشمیر پر عالمی حمایت میں مزید اضافہ ہو گا، علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں