موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ،کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے، سراج الحق

عمران خان نے سواتین سال میں یوٹرن کے سوا کچھ نہیں کیا،ہمارے ملک میں غربت ناچ رہی ہے لاکھوں فٹ پاتھوں پر رہنے پر مجبور ہیں ، امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:24

موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ،کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے، سراج الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ،کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی بنا سکتی ہے، عمران خان نے سواتین سال میں یوٹرن کے سوا کچھ نہیں کیا،ہمارے ملک میں غربت ناچ رہی ہے لاکھوں فٹ پاتھوں پر رہنے پر مجبور ہیں ۔ ہفتہ کو جماعت اسلامی شعبہ خواتین اسلام آباد کے زیر اہتمام خواتین یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا ،امیر جماعت سراج الحق نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے سعادت ہے کہ اسلام آباد میں ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے مخاطب ہوں ،ہم اچھی اور خوبصورت دنیا و آخرت کی دعا کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اچھی دنیا سے مراد ایک انسان دوسرے انسان کا خدا یا کوئی دوسرے کو محتاج نہ کرے ،ایسی دنیا جس میں سب کے لئے حلال کے راستے کھلے اور حرام کے راستے بند ہوں ،ایسی دنیا جس میں جہالت، ظلم نہ ہو، ایسی دنیا جس میں تعلیم و صحت کی سہولیات ہوں ،ایسی دنیا جس میں انسان محفوظ ہو، اس کی عزت و ناموس محفوظ رہے ،اللہ نے دنیا کو انسانوں کیلئے بہترین بنانے والوں کے لئے ہی جنت کا وعدہ کیا ہے،جماعت اسلامی کا منشور ہی انسانیت کی کامیابی ہے، ہم دنیاو آخرت کی بہتری کے لیے ہی خدمت کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ صرف ووٹ اور سپورٹ مانگتی ہیں ،وہ صرف اقتدار کی خاطر، شوگر ملز لگانے کی خاطر ، اپنی آئندہ نسلوں کو عوام پر مسلط کرنے میں مگن رہتی ہیں ،جماعت اسلامی ہمیں صحیح مسلمان، اچھا پاکستانی، اچھی حکمرانی، اچھی دنیا کے ساتھ بہتر آخرت کا سبق دیتی ہے ،ہمارا کام صرف دنیاوی نہیں بلکہ دینی بھی ہے ، یہ دینی تحریک آپ کی رہنمائی چاہتی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ہم پیپلز پارٹی، ن لیگ کی طرح لوٹ کھسوٹ کے لئے نہیں آپ کی اصلاح کے لئے میدان عمل میں ہیں ،ہمارے اس کنونشن کا بنیادی مقصد ہے کہ یہ بیٹیاں بھی حضرت فاطمتہ الزہرا ؓکی سیرت پر چلیں ،حضرت فاطمتہ الزہرا ؓوہ ہستی ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں حضور اکرم کے ساتھ رہیں ،غزوہِ احد کے مقام پر جب چند اصحاب باوفا موجود تھے تو آپ ساتھ تھیں ،غزوہِ احد میں حضور اکرم ؐبھی زخمی تھے ، حضرت علی ؓبھی زخمی تھے، حضرت فاطمتہ الزہرا ؓآپ کی تیمار داری میں مگن تھیں ۔

انہوںنے کہاکہ دنیا ہالی ووڈ کے اداکاروں کو ماڈل سمجھتی ہے مگر خواتین کے لیے حضرت فاطمتہ الزہرا رول ماڈل ہیں ،ہمارے نوجوانوں کے رول ماڈل کوئی اور نہیں صرف امام حسن ؓو امام حسین ؓرول ماڈل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مغربی این جی اوز ہمارا خاندانی نظام تباہ کرنے پرلگی ہوئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اسمبلی سے پاس ہونے والے بل کا مقصد بھی خاندانی نظام کو تباہ کرنا ہے ،ایک عورت کے حقوق کیلئے اللہ کے نظام کے علاؤہ کون سا اچھا نظام ہے ،مغرب میں خاندانی نظام تباہ ہوگیا ہے،یہ این جی اوز ابلیس کے چیلے ہیں ،یہ پاکستان کے خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتی ہیں ،مغربی این جی اوز اور اس حکومت کا پاس کردہ بل واپس لینا ہوگا ،اس مقدس ترین جگہوں پر مغربی این جی اوز نے حملے شروع کر رکھے ہیں ان کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس وقت ہمارے ملک میں غربت ناچ رہی ہے لاکھوں فٹ پاتھوں پر رہنے پر مجبور ہیں ،اس حکومت نے جتنے وعدے کئے ایک بھی پورا نہیں کیا ،مہنگائی اس حکومت کی بداعمالیوں کی وجہ سے ہے ،آج ایک طرف ہمارے روپے کی قدر کاغذ کا ٹکڑا بن گیا ،دوسری طرف گورنر سٹیٹ بنک مذاق اڑا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ہمارے ملک میں انارکی ہے، ادارے ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریباں ہیں ،اس وقت ملک میں مہنگائی نے ہر جگہ دھمال ڈالا ہوا ہے ،ان حالات میں موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے ،اس حکومت نے ایک وعدہ بھی سوا تین سال میں پورا نہیں کیا ،ایک ایسی حکومت ہے جو ہر معاملے پر یوٹرن لیتی ہے، اب تک تین وزرا خزانہ بنائے جو سب فیل ہوگئے ،ایک ایسے شخص کو گورنر سٹیٹ بینک کا گورنر بنایا جس کے باعث روپے کی قدر میں انتہائی پستی ہوئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر قوم کرپشن فری پاکستان چاہتی ہے تو پھر جماعت اسلامی کا ساتھ دیا جائے ،ہم پاکستان کو ترقی دینا چاہتے ہیں، ہم بنجر زمین کو آباد کرنا چاہتے ہیں ،ہم سب بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں